لاہور چیمبر الیکشن، ویژن الائنس کے کاغذات نامزدگی جمع ،PPBA، میاں شفقت گروپ بھی میدان میں

لاہور (نعیم جاوید) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئندہ انتخابات کے حوالے سے کاروباری گروپوں میں جوڑ توڑ اور رابطوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، ویژن الائنس نے اپنے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرا کر انتخابی عمل کے پہلے مرحلے میں سبقت حاصل کرلی ہے جبکہ پی پی بی اے اتحاد اور پیاف میاں شفقت گروپ نے بھی اپنی انتخابی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس مرتبہ لاہور چیمبر کے انتخابات میں روایتی انتخابی صف بندی تبدیل ہوچکی ہے اور سابق اتحادی گروپ مختلف انتخابی پلیٹ فارموں پر تقسیم ہوگئے ہیں۔ اس صورتحال نے مقابلے کو تین بڑے دھڑوں کے درمیان دلچسپ بنا دیا ہے۔ ویژن الائنس میں پیونیرز بزنس مین گروپ، فاونڈرز گروپ، لاہور بزنس مین فرنٹ اور ناصر حمید خان گروپ شامل ہیں۔ ان گروپوں نے رواں سال 31 جولائی کو مشترکہ پلیٹ فارم سے لاہور چیمبر انتخابات لڑنے کا اعلان کیا تھا۔ ویژن الائنس کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کو گروپ کی انتخابی مہم میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ گروپ کے حلقوں کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی بروقت نامزدگی سے انتخابی مہم کو منظم کرنے اور ووٹرز سے رابطوں میں مدد ملے گی۔ دوسری جانب پی پی بی اے اتحاد بھی انتخابی میدان میں بھرپور تیاری کے ساتھ موجود ہے۔ پیاف کی قیادت اور اس کے اتحادی گروپ مختلف کاروباری تنظیموں اور مارکیٹوں سے رابطے کررہے ہیں۔ پیاف کو اپنے روایتی تنظیمی ڈھانچے اور سابقہ انتخابی کامیابیوں کا فائدہ حاصل ہے۔ رواں سال ڈی ایچ اے سٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے بھی پیاف میاں انجم نثار گروپ کی حمایت کا اعلان کیا ہے، جسے پراپرٹی اور رئیل اسٹیٹ سے وابستہ ووٹ بینک کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ پیاف اور پیونیرز کے درمیان سابقہ انتخابی اتحاد کے خاتمے نے بھی لاہور چیمبر کی انتخابی سیاست کا نقشہ تبدیل کیا ہے۔ دستیاب اطلاعات کے مطابق پیاف کی جانب سے پیونیرز کے ساتھ طویل عرصے سے جاری انتخابی اتحاد ختم کئے جانے کے بعد پیونیرز نے دیگر گروپوں کے ساتھ مل کر نیا اتحاد تشکیل دیاذرائع کے مطابق میاں شفقت گروپ اپنی انتخابی شناخت برقرار رکھتے ہوئے امیدوار سامنے لانے کی تیاری کررہا ہے، تاہم بعض نشستوں پر آخری وقت میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ یا مختلف گروپوں کے ساتھ انتخابی تعاون کے امکانات کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتاکاروباری حلقوں میں اس وقت سب سے زیادہ توجہ اس بات پر ہے کہ میاں شفقت گروپ مکمل پینل کے ساتھ انتخابات میں اترتا ہے یا بعض نشستوں پر کسی دوسرے گروپ سے مفاہمت کرتا ہے۔ حتمی امیدواروں کی فہرست سامنے آنے کے بعد صورتحال مزید واضح ہوگی لاہور چیمبر کے انتخابات میں اس مرتبہ ووٹوں کی تقسیم کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ 2024 کے انتخابات میں پیاف، پیونیرز اور پروگریسو الائنس نے ایسوسی ایٹ کلاس کی تمام 15 نشستیں جیتی تھیں اور اتحاد کو 3775 ووٹ ملے تھے جبکہ مخالف گروپ کو 2227 ووٹ حاصل ہوئے تھےم موجودہ انتخابات میں سابق اتحادی گروپوں کی نئی صف بندی کے باعث ووٹ بینک تقسیم ہونے کا امکان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر گروپ مارکیٹ ایسوسی ایشنز، صنعتی شعبوں اور نئے ووٹرز سے رابطوں پر خصوصی توجہ دے رہا ہے ذرائع کے مطابق انتخابی مہم کے اگلے مرحلے میں امیدواروں کی حتمی فہرست، سیٹ ایڈجسٹمنٹ، مارکیٹوں کی حمایت اور مختلف کاروباری تنظیموں کے فیصلے اہم ہوں گے۔ بعض حلقوں میں آخری وقت تک رابطوں اور مذاکرات کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے لاہور چیمبر کی انتخابی سیاست میں اس مرتبہ ایک طرف وسیع اتحاد بنانے والا ویژن الائنس ہے، دوسری طرف پیاف کی قیادت میں پی پی بی اے اتحاد جبکہ تیسری طرف میاں شفقت گروپ اپنی الگ شناخت کے ساتھ میدان میں ہے۔ اس صورتحال میں انتخابی نتائج کا فیصلہ صرف گروپوں کی تعداد نہیں بلکہ ووٹ کو پولنگ ڈے تک متحد رکھنے کی صلاحیت کرے گی کاروباری حلقوں کے مطابق کاغذات نامزدگی اور حتمی امیدواروں کی فہرست سامنے آنے کے بعد انتخابی معرکے کی اصل تصویر واضح ہوگی اور اس کے بعد مارکیٹوں اور ایسوسی ایشنز کی حمایت بھی کسی گروپ کی کامیابی میں فیصلہ کن کردار ادا کرسکتی ہے۔