ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایم ڈی واسا تنویر قیصر سندھو نے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں مختلف ترقیاتی سکیموں پر کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ زیر تعمیر انڈر گراونڈ واٹر ٹینکس اور پارکوں میں تعمیر کئے جانے والے واٹر ٹینکس پر بھی پیش رفت تسلی بخش ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی کے آخر تک تمام واٹر ٹینکس کی تعمیر مکمل کر لی جائیگی۔ کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ پنجاب ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز کی جائے اور مقررہ مدت میں ان کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں کے پیش نظر اندرون شہر جاری ترقیاتی اور سیوریج کے کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جائیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو خصوصی ہدایت کی کہ اندرون شہر سیوریج لائنوں پر جاری کام کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام ترقیاتی منصوبوں پر حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی مقامات پر سیفٹی بیریئرز، وارننگ سائن بورڈز اور ٹریفک رہنمائی کے مناسب انتظامات کئے جائیں تاکہ شہریوں اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی۔
سیوریج لائنوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے: کمشنر ساہیوال


















