اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی حکومت نے فیول کنزرویشن اور کفایت شعاری اقدامات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ کابینہ ڈویژن نے رواں سال 9 مارچ سے نافذ اضافی کفایت شعاری اقدامات ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مارکیٹوں، دکانوں، شاپنگ مالز اور بازاروں کے اوقات کار برقرار رہیں گے اوردکانیں، جنرل اسٹورز اور ڈیپارٹمنٹل سٹورز رات 9 بجے بند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شادی ہالز اور دیگر تقریبات کے مقامات رات 10 بجے بند ہوں گے، ریستوران، کیفے اور فوڈ آوٹ لیٹس رات 11 بجے تک کاروبار کر سکیں گے جبکہ فوڈ آوٹ لیٹس سے ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز کو استثنیٰ حاصل ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل سٹورز، ہسپتال، لیبارٹریز، پیٹرول پمپس وغیرہ اوقات کار کی پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
دوسری جانب موٹرویزاورقومی شاہراہوں پرعارضی طورپرکم کی گئی حدِ رفتار کا فیصلہ بھی واپس لے لیا گیا۔ موٹروے پولیس کے مطابق موٹرویزپر کار کیلئے حد رفتار دوبارہ 120 کلومیٹر فی گھنٹہ مقرر کردی گئی ہے، موٹرویز پر بھاری گاڑیوں، مسافربسوں کیلئے حدِ رفتار 110 کلومیٹرفی گھنٹہ بحال کردی گئی۔ اس کے علاوہ قومی شاہراہوں پربھی گاڑیوں کیلئے سابقہ حدرفتاردوبارہ بحال کردی ہے۔
وفاقی حکومت کا فیول کنزرویشن اور کفایت شعاری اقدامات ختم کرنے کا اعلان


















