راولپنڈی/ مردان/ اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاک فضائیہ کا سپر مشاق تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران پیر کو مردان کے قریب گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پاک فضائیہ کے ایک انسٹرکٹر پائلٹ اور پاکستان بحریہ کے ایک زیر تربیت افسر نے جامِ شہادت نوش کیا۔ پولیس کے مطابق تربیتی طیارہ صبح 8 بجکر 25 منٹ پر کاٹلنگ روڈ پر کریش ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں پاک فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاکستان بحریہ کے لیفٹیننٹ طہ عباسی شہید ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں افسران معمول کی تربیتی پرواز پر تھے جب ان کا سپر مشاق طیارہ مردان کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کےلئے ایئر ہیڈکوارٹرز نے تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا ہے، جو واقعے کے تمام پہلوو¿ں کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کرے گا۔بیان میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج کے تمام افسران و جوانوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اسی طرح وزیر اعظم شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس المناک سانحے میں ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
مردان میں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ شہید



















