فتنہ الہندوستان کی دہشت گردی کیخلاف بلوچستان کی سیاسی قیادت متحد

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان کی سیاسی قیادت نے کوئٹہ دھماکے پر شدید رد عمل دیتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے منسلک دہشتگرد عناصر کےخلاف متحد ہونے ، عبرتناک انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کر لیا، مختلف سیاسی و حکومتی شخصیات نے نہتے شہریوں، خواتین ، بچوں کو نشانہ بنانے کے واقعے کو انسانیت سوز اور بزدلانہ کارروائی قرار دیا،رکن بلوچستان اسمبلی مینا مجید بلوچ نے کہا عید کی چھٹیوں پر گھر جانےوالے مسافروں، خواتین اور بچوں پر حملہ دراصل انسانیت پر حملہ ہے، عورتوں اور معصوم بچوں کا خون بہا کر بھارت اور اس کے پراکسی دہشت گردوں کے مکروہ عزائم دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہے ہیں،رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے نہتے مسافروں پر حملے کو انسانیت، بلوچ روایات اور قومی اقدار پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں،سینیٹر دنیش کمار نے کہا بلوچستان کے عوام دہشت گرد عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، نہتے شہریوں کا خون بہانے والوں کی اس سرزمین پر کوئی جگہ نہیں،صوبائی مشیر برائے ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا معصوم اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور قابلِ نفرت عمل ہے،رکن قومی اسمبلی میاں خان بگٹی نے کوئٹہ دہشتگرد دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،وزیر منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے کہا جعفر ایکسپریس پر حملے میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا،سیاسی قیادت نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا صوبے کے غیور عوام دہشت گردی کےخلاف، امن و امان کے قیام اور قومی سلامتی کیلئے اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔