پشین (مشرق نیوز) سکیورٹی فورسز نے پشین میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے خود کش حملہ آور سمیت فتنہ الخوارج کے5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک بھر سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری طرف پشین میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ جاری کئے گئے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن قومی عزم کا عکاسی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔وزیر اعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔
پشین، انٹیلی بیسڈ آپریشن میں 5 دہشت گرد جہنم واصل



















