ائیر چیف کادورہ ترکیہ، دفاعی و ایرو سپیس تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ائیر چیف ظہیر بابر سدھو کادورہ ترکیہ،اہم ملاقاتیں،دونوں ممالک نے دفاعی و ایرو سپیس تعاون مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کرلیا۔

ظہیر بابر سدھو نے ترک فضائیہ کے سربراہ جنرل ضیا کمال کادی اوغلو، وزیر قومی دفاع یاسر گلیر اور بائیکار ٹیکنالوجیز کے چیف ٹیکنالوجی افسر سلجوق بیرکتر سے ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے مابین دفاعی تعاون، ایرو اسپیس جدت اور جدید ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اشتراک کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،تاریخی و پرتپاک استقبال کےساتھ ظہیر بابر سدھو کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

سربراہ ترک فضائیہ نے ترک پائلٹس کی ٹریننگ میں پاک فضائیہ کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے دونوں فضائی افواج کے مابین پیشہ ورانہ مہارت و آپریشنل فہم کے فروغ کےلئے نہایت اہم قرار دیا، دونوں جانب سے موجودہ دفاعی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ابھرتے شعبہ جات میں ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تاکہ بدلتے سکیورٹی مسائل سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔