تربیلا و منگلا کے بعد کوئی بڑا ڈیم نہیں بنایا، بھارت نے 5 ہزاربنالئے، چیئرمین واپڈا


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیئرمین واپڈا ایم سعید نے کہا ہے پاکستان کو پانی کی سکیورٹی کیلئے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ، ملک میں تربیلا ،منگلا کے بعد ایک بھی ڈیم نہیں بنایا گیا ،بھارت نے 5ہزار ڈیم بنائے۔

قائمہ کمیٹی سینٹ کے اجلاس میںچیئرمین کمیٹی نے سیلاب کی پیشگوئی اور دریائی نظم و نسق میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاپاکستان میں دریائے چناب پر واٹر سٹوریجز کی تعمیرات پر خصوصی اجلاس بلایا جائے، انڈس واٹر ٹریٹی کے تناظر میں مستقبل کے آبی ذخائر کی تعمیر ،قومی آبی سلامتی کے مضمرات پر کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں انڈس واٹر کمشنر، وزارت خارجہ، عالمی بینک، این ڈی ایم اے اور فیڈرل فلڈ کمیشن کو بھی بلایا جائے۔

رکن کمیٹی خلیل طاہر نے دریائے راوی میں تجاوزات پرسوال اٹھایا گزشتہ سال راوی میں سیلاب سے اربوں کا نقصان ہوا،چیف انجینئر پنجاب نے کہادریائے راوی سے آبادیاں ہٹا دی گئیں،چیئرمین کمیٹی نے کہا کمیٹی کو دریائے راوی میں تجاوزارت ہٹانے کی معلومات درست ہونی چاہئیں، کچھ چھپایا نہ جائے معلومات غلط ثابت ہوئیں تو معاملہ استحقاق کمیٹی کو بھیج سکتے ہیں۔

چیئرمین واپڈاایم سعید نے کہا پاکستان پانی کی قلت کا شکار ،سکیورٹی کیلئے سنجیدہ کوسشوں کی ضرورت ہے، پاکستان نے تربیلا منگلا کے بعد ایک بھی بڑا ڈیم نے بنایا ،بھارت نے 5ہزار ڈیم بنائے،نیلم جہلم پن بجلی منصوبہ بند پڑا انکوائریز چل رہی ہیں، امید ہے مارچ 2028 تک منصوبہ دوبارہ بحال کر لیں گے، سندھ میں نئی گاج ڈیم کا معاملہ عدالت میں ہونے کے باعث کام رکا،ڈیم سے دادو اور سیون میں سیلاب رک سکے گا، 28 ہزار ایکڑ اراضی کاشت ہو سکے گی۔