اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر کی کارکردگی کا سراہتے ہوئے نئے مالی سال کا ہدف حاصل کرنے کی امید ظاہر کردی۔
شہباز شریف سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے سینئر افسروں نے ملاقات کی ،وزیراعظم نے پچھلے مالی سال 12.957 کھرب کے محصولات کا ہدف عبور کرنے پر ستائش کرتے ہوئے کہاتاریخی ریونیو ہدف حاصل کرنا سنگ میل ،آپ سب کو فرداً فرداً اور ایف بی آر کے تمام عملے کو اجتماعی طور پر مبارک باد پیش کرتا ہوں،مالی سال 26-2025 میں تقریباً 600 ارب کے ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی سے کاروباری برادری کو سہولت ، برآمدات کے فروغ میں مدد ملی، ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز اور افسر اسی جذبے سے کام کرتے ہوئے رواں مالی سال 15 کھرب سے زائد محصولات کا ہدف حاصل کریں گے۔
نمایاں کارکردگی پر وزیراعظم نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ و محصولات اورنگزیب، وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، اٹارنی جنرل منصور اعوان، چیئرمین ایف بی آر راشد لنگڑیال، امداد بوسال معاشی ٹیم کے دیگر اراکین ،ایف بی آر افسروںکی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاملک کے دور دراز علاقوں میں اپنی جانوں پر کھیل کر ٹیکس و کسٹم ڈیوٹی کے نفاذ میں اپنا کردار اداکرنے والوں کی کوششیں لائق تحسین ہیں، ایف بی آر میں اڑھائی سال سے جاری اصلاحات، ڈیجیٹائزیشن پر توجہ اور ٹیم ورک کی بدولت ریکارڈ ٹیکس اکٹھا کرنے میں کامیاب ملی،ایف بی آر کے امور پر مہینے میں 2 مرتبہ جائزہ اجلاس کی صدرات میں نے خود کی کیونکہ ایف بی آر میں اصلاحات حکومتی ایجنڈا ہے، ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز میں اچھی شہرت کے حامل افسروں کی تعیناتی یقینی بنائی ۔
شہبازشریف نے کہا ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں ، ریونیو اکٹھا کرنے کےساتھ ٹیکس دہندگان، کاروباری و صنعتی برادری کو سہولیات کی فراہمی ترجیح ہونی چاہیے ،ایف بی آر میں اصلاحات کی رفتار میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے،ٹیکس نیٹ میں توسیع، شفافیت اور ٹیکس دہندگان کو سہولیات کی فراہمی ایف بی آر اصلاحات کی ترجیحات ہیں، ایف بی آر کا نیا آپریٹنگ ماڈل ڈیجیٹل اور کم سے کم انسانی مداخلت پر مبنی فیس لیس ٹیکس نظام پر مبنی ہوگا،پاکستان کسٹمز سروس اور ان لینڈ ریونیو سروس کے افسروں کی ترقی ،سروس کو مزید بہتر بنانے کےلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی جائے۔
ملاقات کے دوران وفد کے شرکا نے بریفنگ دی کراچی لارج ٹیکس پیئر یونٹ نے جون 2026 کے دوران 528 ارب کا ریونیو اکٹھا کیا، لاہور لارج ٹیکس پیئر یونٹ نے جون 2026 کے دوران 261 ارب روپے اکٹھے کیے،ایک سال کے دوران ائیرپورٹ پر کسٹم ڈیوٹی کے حجم میں 21 فیصد اضافہ ہوا ۔
دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف سے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے ملاقات کی ، وفاقی وزیر برائے پبلک افیئرز یونٹ رانا مبشر اقبال، وزیر مملکت پاور عبد الرحمن خان کانجو اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طلحہ برکی بھی موجود تھے،ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہبازشریف نے کہاعوامی خدمت کے ایجنڈے کو مزید تیزی سے آگے بڑھایا اور مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ترقی، خوشحالی ،عوامی فلاح کےلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے سابق رکن قومی اسمبلی اور ن لیگ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل مرتضیٰ جاوید عباسی نے بھی ملاقات کی،ملک کی مجموعی و سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تاریخی ریونیو ہدف حاصل کرنا سنگ میل ،ایف بی آر میں کرپٹ عناصر کی کوئی جگہ نہیں، وزیراعظم

















