مغربی ممالک روس کےخلاف جنگی تیاریوں کا کھل کر اعلان کر رہے ہیں، پیوٹن

ماسکو (مشرق نیوز) روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ مغربی ممالک اب روس کے خلاف جنگی تیاریوں اور اپنے فوجی بجٹ میں اضافے کا کھلے عام اعلان کر رہے ہیں، تاہم روس کسی بھی بیرونی یا اندرونی خطرے کا فوری اور متناسب جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔فوجی جامعات کے فارغ التحصیل افسران سے خطاب کرتے ہوئے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا کہ بین الاقوامی صورتحال اس وقت انتہائی پیچیدہ اور غیر مستحکم ہے، مشرق وسطیٰ میں مسلح تصادم جاری ہے جبکہ یوریشیا سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں کشیدگی اور تنازعات کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ نیٹو اور یورپی یونین کی قیادت روسی خطرے کا بیانیہ استعمال کرکے اپنے فوجی اخراجات میں اضافہ کر رہی ہے۔ ان کے بقول مغربی ممالک پہلے روس کے لیے خطرات پیدا کرتے ہیں، پھر روسی ردعمل کو اپنی جارحانہ پالیسیوں کے جواز کے طور پر پیش کرتے ہیں۔ روسی صدر نے زور دیا کہ روس دنیا میں مساوی اور ناقابل تقسیم سلامتی کے اصول کا حامی ہے اور ایک کثیر قطبی عالمی نظام کے قیام کو عالمی استحکام کے لیے ضروری سمجھتا ہے۔انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی سروسز کو ہدایت کی کہ دہشت گردی، بدعنوانی اور جرائم کے خلاف موثر کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور خصوصی فوجی آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا جائے۔