حکومت نے آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدرآمد تیز کردیا


اسلا م آباد: (بیورورپورٹ)حکومت نے آئی ایم ایف وفد کے جاتے ہی ٹیکس لیکج روکنے اور ٹیکس ریونیو بڑھانے کی شرائط پر عمل درآمد تیز کردیا ۔

ایف بی آر سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیک شدہ دودھ، آئرن اینڈ سٹیل، آئل اور گھی تیار کرنےوالی رجسٹرڈ صنعتوں کی پیداوار کی الیکٹرونک نگرانی کا فیصلہ کیا گیا ، اقدام سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی دفعہ 50 اور دفعہ 40C کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کیا گیا ،صنعتوں کی پیداوار کو سیلز ٹیکس رولز 2006 کے چیپٹر XIV-BA کے رول 150ZQR کے تحت فوری طور پر الیکٹرونک نظام کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا۔

حکام نے کہا اقدام کا مقصد ٹیکس نظام میں شفافیت لانا، پیداوار اور فروخت کے درست اعدادوشمار حاصل کرنا اور ٹیکس چوری کی روک تھام یقینی بنانا ہے، نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا ،قومی ریونیو میں اضافے کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔