پائیدار امن و استحکام کے قیام تک دہشتگردی کےخلاف جنگ قومی عزم کےساتھ جاری رہے گی،فیلڈ مارشل


راولپنڈی: (بیورورپورٹ)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے شہدا کی عزت اور قربانی ہر پاکستانی کےلئے مقدس امانت،ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام تک دہشتگردی کےخلاف جنگ قومی عزم کےساتھ جاری رہے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں پاک فوج کے افسروں ،جوانوں کو عسکری اعزازات دینے کی پروقار تقریب تقسیم اسناد ہوئی،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور شہدا کے اہلخانہ، افسروں،جوانوں کو آپریشنز میں غیر معمولی بہادری اور ملک کےلئے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازات سے نوازا،50 ستارہ امتیاز (ملٹری)12 تمغہ بسالت عطا کیے گئے، بعد از شہادت دئیے جانےوالے تمغے شہدا کے اہلخانہ نے بڑے وقار و عزت کےساتھ وصول کیے۔

سید عاصم منیر نے شہدا،غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاشہدا وغازی قوم کا دائمی فخر،عزت و قربانی ہر پاکستانی کےلئے مقدس امانت ، وطن کا امن و سلامتی عظیم قربانیوں اور فرض سے بے لوث وابستگی کا نتیجہ ہے۔

فیلڈ مارشل نے شہدا کے اہلخانہ کی استقامت، وقار اور ثابت قدمی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بے مثال قربانیوں ،غیر متزلزل وابستگی ،پاک فوج ،قانون نافذ کرنے والے اداروں کی عملی تیاری ،غیر متزلزل عزم کو سراہا۔