اسماعیلی برادری کیساتھ تعلقات مزید مضبوط بنائینگے: وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) شہباز شریف نے عزت مآب پرنس رحیم آغا خان کے پہلے سرکاری دورہ پاکستان کے موقع پر انکے اعزاز میں ناشتے کی خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔ وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے امن، استحکام اور حکومتوں و بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعمیری روابط کے فروغ کیلئے انکے عزم کو سراہا، انہوں نے ان مقاصد کیلئے پاکستان کے مشترکہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان نے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے دیہی ترقی، صحت، تعلیم، قدرتی آفات سے نمٹنے، ماحولیاتی تبدیلی سے مطابقت، قابلِ تجدید توانائی، ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت اور نوجوانوں میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے شعبوں میں اے کے ڈی این کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے خصوصاً گلگت بلتستان اور چترال کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں اے کے ڈی این کے مو¿ثر کردار کو سراہا اور تنظیم کو پاکستان میں اپنی شراکت داری مزید وسعت دینے کی ترغیب دی۔ وزیراعظم نے آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کو بھی سراہتے ہوئے صحت اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں میں اس کی نمایاں خدمات کا ذکر کیا۔

ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، خصوصاً گلیشیرز سے متاثرہ شمالی علاقوں میں ماحولیاتی استحکام کے فروغ کیلئے اے کے ڈی این ایک قدرتی اور قابل اعتماد شراکت دار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پاکستان کے دورے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ انکا دوسرا گھر رہے گا، ان کے دورے پاکستان اور اسماعیلی برادری کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اسلام آباد مذاکرات کیلئے سرینا ہوٹل بلا معاوضہ فراہم کرنے پر پرنس رحیم آغا خان پنجم کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے مرحوم کے عزت مآب پرنس کریم آغا خان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کیلئے انکی تقریباً سات دہائیوں پر محیط خدمات اور انسانی فلاح کے اقدامات کو خراج عقیدت پیش کیا، اس موقع پر انہوں نے مرحوم آغا خان چہارم کی خدمات کے اعتراف میں جاری کردہ یادگاری ڈاک ٹکٹ بھی پیش کیا۔

پرنس رحیم آغا خان پنجم نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انسانی ترقی کے مختلف منصوبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔