اسلام آباد (مشرق نیوز) وزارت خارجہ نے گلوبل صمود فلوٹیلا پر سوار انسانی ہمدردی کے کارکنوں کی غیر قانونی حراست اور مبینہ بدسلوکی کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان نے اسرائیلی افواج کی جانب سے بین الاقوامی سمندری حدود میں گلوبل صمود فلوٹیلا کی غیر قانونی روک تھام اور اس پر موجود کارکنوں کی جبری حراست کو شدید ترین الفاظ میں مسترد کیا ہے۔
دفتر خارجہ نے اس واقعہ کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے تمام زیر حراست کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے، حراست میں لئے گئے افراد میں پاکستانی انسانی حقوق کے کارکن سعد ایدھی بھی شامل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف اس اقدام کی مذمت کرتا ہے بلکہ عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ زیرِ حراست افراد کی حفاظت، وقار اور بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنایا جائے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزارت خارجہ خطے میں موجود پاکستانی سفارتی مشنز کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ زیر حراست پاکستانی شہری کی محفوظ وطن واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
دنیا فلوٹیلا سے بدسلوکی کا نوٹس لیکر کارکنوں کی محفوظ واپسی یقینی بنائے: پاکستان



















