ای سی سی نے ملک کی پہلی5 سالہ جم سٹون پالیسی کی منظوری دےدی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) ای سی سی نے ملک کی پہلی5 سالہ جم سٹون پالیسی کی منظوری دے دی۔

وزارت خزانہ اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ای سی سی نے ملک کی پہلی 5 سالہ جم سٹون پالیسی اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیم نو کی بھی منظوری دےدی۔

وزیر اعظم کے نوجوانوں کے سکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کیلئے 3 ارب 91 کروڑ کی تکنیکی ضمنی گرانٹ، وزیر اعظم آفس کیلئے 16 کروڑ، فرنٹیئر کانسٹیبلری نارتھ کے ہسپتال کیلئے 48 کروڑ ، وزیر اعظم کے قومی صحت پروگرام کیلئے ایک ارب 50 کروڑ کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دےدی،دوسری جانب یکم فروری سے 1989 کے جموں کشمیر مہاجرین کیلئے گزارہ الاونس ساڑھے 3000 سے بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ ، 30 جون تک گزارہ الاونس کیلئے 58 کروڑ مختص کرنے کی منظوری دیدی۔

اعلامیے کے مطابق ریلوے ملازمین کے پنشن واجبات کیلئے ایک ارب مختص، نیشنل ایگری ٹریڈ اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کیلئے ایک ارب کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔