تہران (مشرق نیوز) ایران کی پارلیمانی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی کا کہنا ہے کہ ایران کیخلاف کسی بھی نئی جارحیت کا سخت جواب دیا جائیگا۔ ایک بیان میں ابراہیم رضائی نے کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت کے جواب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مزید شرمندہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکیوں کو ہماری شرائط کے سامنے ہتھیار ڈالنے ہوں گے، یا ہمارے میزائلوں کی طاقت کے آگے جھکنا ہو گا۔ ترجمان ایرانی نیشنل سکیورٹی کمیشن کا کہنا ہے کہ ہم تمام ممکنہ حالات کیلئے تیار ہیں۔
دوسری جانب ایران نے جنگ کے خاتمے کیلئے امریکہ کی تازہ تجاویز کا جواب ثالث پاکستان کے ذریعے واشنگٹن کو بھجوا دیا۔ الجزیرہ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ تہران نے امریکہ کو واضح کیا ہے کہ منجمد اثاثوں کی بحالی، معاشی پابندیوں کا خاتمہ اور جنگی نقصانات کا معاوضہ ایران کے بنیادی مطالبات ہیں۔
ایران نے اپنی بندرگاہ پر ناکہ بندی ختم کرنے اور لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
نئی جارحیت کا سخت جواب دیا جائیگا: ترجمان ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیشن



















