راولپنڈی،سانیا:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیر ، پاک بحریہ میں پہلی ہنگور کلاس آبدوز شامل ہوگئی،آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگور کلاس آبدوز کی پاک بحریہ میں شمولیت کی تقریب چین کے شہر سانیا میں ہوئی ،صدر مملکت آصف زرداری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔
صدر آصف زرداری نے کہا آبدوز ہنگور کی شمولیت پاک بحریہ کی جدت کے سفر میں تاریخی سنگ میل ، پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اوراقتصادی راہداریوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے،مضبوط، متوازن اور قابل اعتماد دفاعی نظام برقرار رکھنے کےلئے پرعزم ہےں۔
پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا اہم سمندری گزرگاہوں پر بڑھتے خلل عالمی تجارت اور توانائی کے تحفظ کےلئے خطرہ بن رہے ہیں، مستحکم، اصولوں پر مبنی بحری نظام کو برقرار رکھنے کےلئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحری افواج ناگزیر ہیں،ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، جدید سینسرز اور ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن سے لیس ، خطے میں سمندری استحکام برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔
ایڈمرل نوید اشرف نے کہا آبدوزیں جارحیت کی روک تھام اور بحیرہ عرب و وسیع تر بحر ہند میں اہم سمندری راستوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گی،ہنگور نام قومی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے، 1971 کی پاک بھارت جنگ میں پہلی ہنگور نے دوسری جنگ عظیم کے بعد کسی جنگی جہاز کو غرق کرنے والی پہلی آبدوز ہونے کا اعزاز حاصل کیا ، پی این ایس/ایم ہنگور شاندار روایت کو آگے بڑھائے گی اور پاک بحریہ کےلئے اہم پیش رفت سمندری دفاع کو مضبوط بنانے اور بیڑے کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے میں مدد دے گی،پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ اور مضبوط دوستی کے ایک اور باب کا اضافہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تاریخی کامیابی پر پوری قوم اور پاک بحریہ کو مبارکباد دی۔
سمندری حدود کا دفاع ناقابل تسخیر ، پاک بحریہ میں پہلی ہنگور کلاس آبدوز شامل



















