لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی اور معروف میڈیا شخصیت سے متعلق معاملہ ذاتی نوعیت کا ہے۔ اس معاملے کو میرٹ اور قانون کے مطابق نمٹایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی کسی عورت کو ہراساں، دھمکانے یا استحصال کرنے میں ملوث پایا گیا، اسے معاف نہیں کیا جائیگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی دباو، اثر و رسوخ کے ذریعے کسی عورت کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی تو سخت اور بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی۔ انکا کہنا تھا کہ کوئی بھی فرد چاہے اس کا تعلق کسی بھی حیثیت، عہدے یا سیاسی وابستگی سے ہو، قانون سے بالاتر نہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ ریاستی ادارے اپنے فرائض آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور آئین و قانون کے مطابق انجام دیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ یہ ہر اس شخص کیلئے ایک واضح اور سنجیدہ تنبیہ ہے جو اس میں ملوث ہو۔
عورت کو ہراساں کرنیوالوں کو معاف نہیں کیا جائیگا: وزیراعلیٰ مریم نواز



















