قیمتی پتھروں کی برآمدات بڑھانے کےلئے 3 سینٹرز آف ایکسی لینس کے قیام کا فیصلہ

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں قیمتی پتھروں کی کان کنی، پراسیسنگ کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ بنانے اور برآمدات میں اضافے کےلئے جامع حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے 3 سینٹرز آف ایکسی لینس کے قیام کا فیصلہ کر لیا،وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قیمتی پتھروں کے شعبے کی ترقی سے متعلق اہم اجلاس میں ملک میں شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور برآمدات بڑھانے کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان قدرتی وسائل، بالخصوص قیمتی پتھروں کی دولت سے مالا مال، شعبہ میں مقامی وسائل کو بروئے کار لا کر برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے، قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے بعد برآمدات بڑھانے کےلئے وزارت منصوبہ بندی فوری طور پر جامع لائحہ عمل تیار کرے اور اسے جلد پیش کیا جائے، وزیر اعظم نے سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام میں شفافیت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا،اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا حکومت قیمتی پتھروں کی کٹائی، تراش خراش اور زیورات سازی کے معیار کو بہتر بنانے کےلئے 3 سینٹرز آف ایکسیلینس قائم کر رہی ہے، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں مراکز کےلئے اراضی مختص ، اسلام آباد میں ایک اور مرکز کے قیام کےلئے اقدامات جاری ہیں،مراکز میں بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت فراہم کی جائےگی تاکہ مقامی افرادی قوت کو جدید مہارتوں سے آراستہ کیا جا سکے، اس کے علاوہ جولائی 2026 میں پاکستان میں قیمتی پتھروں کی پہلی بین الاقوامی نمائش کے انعقاد کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے،اجلاس کو مزید بتایا گیا سری لنکا اور چین کے تعاون سے مخصوص قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے حوالے سے تربیتی پروگرامز شروع کیے جا رہے ہیں، وزارت پٹرولیم کم سے کم ضیاع کے ساتھ کان کنی کے جدید طریقوں کو فروغ دے رہی ہے، مقامی آبادیوں کو اعتماد میں لے کر شراکتی منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں ،1000 افراد کو عالمی معیار کے مطابق کان کنی کی تربیت دی جا رہی ہے،وزیر اعظم کو منصوبوں کی پیش رفت اور تکمیل کے شیڈول سے بھی آگاہ کیا گیا،مزید بر آں وزیراعظم شہبازشریف نے ایس این جی پی ایل کیخلاف پیپرا قواعد کی خلاف ورزی کی شکایت کا نوٹس لے لیا،شہبازشریف نے متعلقہ حکام کوٹینڈرز میں پیپرا قوانین کیخلاف ورزی کی شکایت کی تحقیقات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ٹرانسپرینسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے ارسال شکایت پر شفاف تحقیقات کی جائیں،دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپر لیگ سیزن الیون کے پلے آف میچز کے دوران شائقین کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دےدی،وزیراعظم سے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اعلان کیا پی ایس ایل پلے آف کے تینوں میچز میں تماشائیوں کی آمد کی منظوری دےدی گئی ہے، ملکی کفایت شعاری مہم کے پیش نظر شائقین کےلئے اہم شرط عائد کی گئی ہے جس کے تحت میچ دیکھنے کےلئے آنےوالے افراد کو پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی ترغیب دی گئی ہے،وزیر داخلہ نے کہا ایندھن کی بچت کےلئے شائقین حتیٰ الامکان ذاتی گاڑیوں کے استعمال سے گریز کریں،اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پلے آف مرحلے میں پہنچنے والی چاروں ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی شائقین کو معیاری اور سنسنی خیز کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔