ججوں کیخلاف23شکایات داخل دفتر،6کے خط کا معاملہ موخر


اسلا م آباد:(بیورورپورٹ)سپریم جوڈیشل کونسل نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کےخلاف23 شکایات کو داخل دفتر کرتے ہوئے 6 ججز کے خط کا معاملہ موخر کردیا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،اجلاس کا پہلا ایجنڈا کونسل کی اپنی خود احتسابی تھا ، ججز کیخلاف شکایات کا جائزہ بھی لیا گیا،اجلاس میں چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان، جسٹس منیب اختر، جسٹس جمال خان مندوخیل، وفاقی آئینی عدالت کے جج جسٹس حسن اظہر رضوی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر ن، جسٹس علی مظہر ،جسٹس شاہد وحید اور جسٹس عتیق شاہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے شرکت کی ۔

اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کونسل نے ادارہ جاتی احتساب، شفافیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ممبران سے متعلق معاملے پر غور کیا جبکہ کونسل کی تشکیل نو ہوئی اور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان نے کونسل کی سربراہی کی،سپریم جوڈیشل کونسل نے 23 شکایات کو داخل دفتر کردیا، ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل نے اعلیٰ عدلیہ کے 6 ججوں کے خط کے معاملے کو موخر کرتے ہوئے رائے دی معاملہ سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔