وزیراعلیٰ مریم نواز نے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم“ پورٹل کا افتتاح کر دیا

لاہور (وقائع نگار) پنجاب میں زرعی، معاشی خوشحالی کا شاندار منصوبہ، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم“ پورٹل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا، پنجاب میں بے زمین دیہاتیوں کو تقریباً 160ارب روپے کی مالیت کی اراضی کا تاریخی منصوبہ کا آغاز کر دیا ،وزیراعلیٰ کی ہدایت پرپانی کی دستیابی اور زرخیزی کو مدنظر رکھ کر زرعی اراضی کی نشاندہی کی جائےگی،”اپنا کھیت، اپنا روزگارسکیم“ کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13812 زرعی لاٹ سے 88780 خاندان، چولستان میں 16685 لاٹ ملنے سے 101111 فیملیز مستفید ہوں گی، سکیم کے تحت ہر کامیاب امیدوار کو 25 سے 40لاکھ مالیت کی زرعی اراضی کاشت کےلئے ملے گی، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیونبیل جاوید نے سکیم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کامیاب امیدواروں کو فی ایکڑ 50ہزار سے ڈھائی لاکھ روپے تک آباد کاری ون ٹائم گرانٹ دی جائےگی، پانی کی دستیابی کےساتھ ایک لاکھ 24ہزار 124374 ایکڑ زرعی اراضی کی فراہمی کی جائےگی، دیہات میں بیر وزگار کاشتکاروں کو10 سال کےلئے زرعی اراضی فراہم کی جائیگی، ڈسٹرکٹ میں ”اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم“کیلئے 43938 ایریاز اور چولستان میں 83425 ایریاز، آبپاشی اور زرخیزی کو مد نظر رکھ کر نشاندہی کی گئی، خواہشمند کاشتکار akarpunjabgovt.pk پر2 سے 18 مئی تک اپلائی کر سکتے ہیں، امیدوار یکم جون سے 8 جون تک ڈپٹی کمشنر کے پاس اپیل کر سکیں گے، 19 جون کو ”اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم“ کی لسٹ فائنل ہوگی، 30 جون سے لینڈ ڈسٹری بیوشن شروع کر دی جائیگی، بریفنگ میں بتایا گیا ایک سے زیادہ امید وار ہونے کی صورت میں قرعہ اندازی کے بعد زرعی اراضی 10 سال کےلئے دی جائےگی،اراضی صرف زرعی مقاصد کےلئے استعمال ہوگی، پختہ تعمیرات کی اجازت نہیں دی جائیگی،ہر کاشتکار اپنی مرضی کی فصل کاشت کر سکے گا، ”اپنا کھیت، اپنا روزگار سکیم“ کی ہر لاٹ کے ساتھ ایگریکلچر افسر اور زرعی انٹرنی بھی منسلک ہوں گے،اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ زراعت کے افسران پر مشتمل کمیٹی سال میں دو مرتبہ وزٹ کرکے کاشت کا جائزہ لے گی،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز سے معروف برطانوی نژاد پاکستانی ڈاکٹر حسنات خان نے ملاقات کی اور جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی، مریم نواز نے انگلینڈ سے پاکستان آکر ہم وطنوں کی خدمت کے جذبے پر خراج تحسین کیا، ملاقات میں نو تعمیر شدہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سے متعلق انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعلیٰ نے جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو بہترین ادارہ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ،مزید بر آںوزیراعلیٰ مریم نواز نے کتب کے عالمی دن پر کتاب لکھنے، چھاپنے، بیچنے اور پڑھنے والوں کو سلام پیش کیا ہے، عالمی یوم کتب پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا ڈیجیٹل دور میں بھی کتاب کی اہمیت کم ہوئی نہ ہوگی، انسان کی فکری تربیت، شعور اور مہذب معاشرے کی تشکیل کتاب کی مرہون منت ہے، کتب بینی کی عادت شعور کو جلا بخشتی ہے۔