خطے میں امن و سلامتی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے، شہبازشریف کی مسعود پزشکیان سے گفتگو

اسلام آباد/ تہران (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دونوں رہنماوں کے درمیان تقریباً 50 منٹ تک گفتگو جاری رہی۔ وزیراعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماوں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، امن و استحکام کے فروغ کیلئے جاری کوششوں پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔

شہباز شریف نے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا، شہباز شریف نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد اسلام آباد بھیجنے کا بھی خیر مقدم کیا۔ اعلامیہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے آج وزیراعظم سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں، انکی وزیراعظم کے ساتھ دو گھنٹے طویل تفصیلی ملاقات بھی شامل تھی۔

شہباز شریف اور ایرانی صدر نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا، صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور وزیر خارجہ کی امن کاوشوں میں اہم کردار پر شکریہ ادا کیا، ایرانی صدر پزشکیان نے امن کیلئے ایران کی خواہش کا اظہار کیا۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔

وزیراعظم نے ایرانی صدر کو پاکستان کے خطے میں امن کیلئے پختہ عزم کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کیلئے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔ شہباز شریف نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ عالمی رہنماو¿ں سے رابطوں نے پائیدار امن کیلئے مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد دی۔

وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کے دورہ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ مفید بات چیت کو بھی سراہا، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ مجتبیٰ خامنہ ای کیلئے نیک تمناوں اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔ اس سے قبل وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان کا فون پر رابطہ ہوا۔

ایک بیان میں حاقان فیدان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ایٹمی معاملے کے اہم نکات مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں طے ہو جائیں گے۔