کوئٹہ، بنوں (بیورو رپورٹ) بلوچستان کے ضلع چاغی میں دالبندین کے قریب واقع علاقے دریگون میں مسلح افراد کے حملے میں نجی کمپنی کے 10 ملازم جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہو گئے،سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ دالبندین سے شمال مغرب کی جانب پاک افغان سرحد کے قریب پیش آیاجہاں این آر ایل کمپنی تانبہ اور سونے کی تلاش کے منصوبے پر کام کر رہی تھی،مسلح افراد نے شام تقریباً 6 بجے اچانک حملہ کیا جس کے دوران فائرنگ کےساتھ ساتھ تیل کے ذخیرے کو بھی آگ لگا دی گئی،ذرائع کے مطابق دالبندین کے پرنس فہد ہسپتال میں لاشیں منتقل کر دی گئیں، 5 زخمی افراد زیر علاج ہیں،جاں بحق افراد میں ایک غیر ملکی کا تعلق ترکی ،2 مقامی حفاظتی اہلکاروں کا دالبندین،دیگر افراد کا تعلق ملک کے مختلف علاقوں سے بتایا گیا ہے، ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے باعث 6 افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے ، 4 افراد فائرنگ کے نتیجے میں جان کی بازی ہار گئے،واقعے کے بعدسکیورٹی ہائی الرٹ،سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لےکر کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا،دریں اثنابنوں میں پولیس چوکی مزنگہ پر رات گئے مبینہ دہشتگردوں کے حملے کو اہلکاروں کی بروقت اور منظم جوابی کارروائی کے باعث ناکام بنا دیا گیا،ترجمان کے مطابق حملہ آوروں نے چوکی پر تین اطراف سے بیک وقت فائرنگ کی کوشش کی تاہم چوکی پر موجود مستعد اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا، دو طرفہ شدید فائرنگ کا تبادلہ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا، پولیس کی مضبوط حکمت عملی اور جدید فورٹیفیکیشن کی بدولت تمام اہلکار محفوظ رہے، حملہ آور تعداد میں زیادہ ہونے کے باوجود موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
چاغی: مسلح افراد کا حملہ، غیرملکی سمیت نجی کمپنی کے 10 ملازم قتل، 5 زخمی


















