آئی ایم ایف اصلاحاتی اقدامات کامعترف،سٹاف لیول معاہدہ نہ ہوسکا


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)مذاکرات میں مثبت پیشرفت، آئی ایم ایف اصلاحاتی اقدامات کا معترف،سٹاف لیول معاہدہ نہ ہوسکا، بات چیت جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔

عالمی مالیاتی فنڈ کے اعلامیے میں کہا گیا دونوں فریقوں کے درمیان ہونےوالی بات چیت میں مثبت و حوصلہ افزا پیشرفت سامنے آئی ،امکان ہے آئندہ چند روز میں مشاورت کے عمل کو حتمی مرحلے تک پہنچا دیا جائےگا،25 فروری سے 11 مارچ تک جاری رہنے والے مذاکرات کے دوران مختلف معاشی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایم ایف نے اصلاحاتی اقدامات و ماحولیات کے شعبے میں پاکستان کی پیشرفت کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہافی الحال 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام کے تحت سٹاف لیول معاہدہ طے نہیں پا سکا،پاکستان کی جانب سے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام میں پیشرفت دیکھنے میں آئی ،مجموعی طور پر پروگرام پر عمل درآمد طے شدہ وعدوں کے مطابق جاری رہا ،مالیاتی خسارہ کم کرنے کےساتھ سرکاری مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر گفتگو کی گئی۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے کہا مہنگائی کو قابو میں رکھنے کےلئے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھی جائے،مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی ،جنگی صورتحال کے معاشی اثرات بھی مذاکرات کا حصہ رہے ،جائزہ لیا گیا خطے کی صورتحال پاکستانی معیشت پر کس طرح اثر انداز ہو سکتی ہے،دونوں جانب سے جاری مشاورت کو آئندہ چند دنوں میں مکمل شکل دئیے جانے کی توقع ہے۔