ریلویز مغلپورہ ڈویژن میں کرپشن،ٹائم انچارج سمیت 10اہلکاروں کا تبادلہ

لاہور (قمر عباس نقوی) ریلویز مغلپورہ ڈویژن کیرج اینڈ ویگن شاپ سی سی 7111کے انچارج ٹائم انچارج اور کلریکل سٹاف کی کرپشن اور میٹریل چوری سمیت ڈی ڈبلیو ایم دفاترز کے اخراجات اور غیر شرعی سود کے کاروبار کی روزنامہ ”مشرق“ کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے ہیڈ ٹائم انچارج غازی طاہر سمیت 10 دیگر کی ٹرانسفر کر دی گئی ہے۔ ریلوے حکام کی کارروائی مشرق کی نشاندہی پر ادارے میں سامان چوری اور سود ی کاروبار کے مکرو دھندے میں ملوث انچارج ٹائم انچارج اور اس کے معاونین کو تبدیل کر دیا جبکہ آنے والے دنوں میں ان کے خلاف کرپشن ،اختیارات سے تجاوز ،مس کنڈیکٹ ،ادارے کو نقصان پہنچانے اور ذاتی تشہیر و مفاد حاصل کرنے جیسے سنگین الازمات کے تحت محکمانہ کارروائی بھی ہونے کا قوی امکان ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ ریلوے حکام نے مغلپورہ ڈویژن کیرج اینڈ ویگن شاپ کے معاملات کو حتمی انجام تک پہنچانے اور محکمہ کو آمدن سمیت دیگر حوالوں سے نقصان کا سبب بننے والے ملازمین کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ روزنامہ مشرق میں مغلپورہ ورکشاپس کی کیرج اینڈ ویگن شاپ سی سی 7111کے ہیڈ ٹائم انچارج غازی طاہر کی کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال سرکاری میٹریل کی چوری سمیت سودی کاروبار کی نشاندہی 28مارچ2026سے آغاز کیا گیا اور مختلف تواریخ میں نشاندہی کرتے رہے جو کہ 9اپریل 2026تک کی گئی جس میں ڈی ایس مغلپورہ اور ڈپٹی ڈی ایس اور ڈی پی او کی جانب سے معاملہ کو التوا میں رکھنے کی منصوبہ بندی اختیار کی رکھی جس پر مسلسل نشاندہی کے بعد گزشتہ روز 2مئی 2026کو ڈی ایس کی منظوری کے بعد ڈی پی او ریلویز مغلپورہ ورکشاپس کی جانب سے کارروائی کرتے ہوئے ٹائم کیپر انچارج غازی طاہر سمیت دیگر کیرج اینڈ ویگن کے ملازمین کو ٹرانسفر کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں جو کہ مشرق بیٹ رپورٹر ریلویز قمر نقوی کی صحافتی ذمہ داری کو پیشہ ورانہ ادائیگی اور حقیقت پر مبنی نشاندہی کے ثمر کا نتیجہ ہے۔ مغلپورہ ورکشاپس ڈویژن کے ملازمین کا کہنا تھا کہ مشرق ایک تاریخی اخبار ہے اور آغاز سے آج تک مثبت صحافتی کردار ادا کر رہا ہے جس میں کیرج اینڈ ویگن شاپ کے ہیڈ ٹائم انچارج غازی طاہر اور دیگر ٹیم کی کرپشن اور اختیارات کے نا جائز استعمال اور سرکاری املاک کا ذاتی استعمال پر نشاندہی کی جس پر مشرق رپورٹر کو خبروں کو روکنے پر یونین لیڈروں کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا بھی رہا، اسکے باوجود کرپشن کو بے نقاب کئے رکھا۔ اسکے نتیجہ میں مغلپورہ ڈویژن انتظامیہ کو متعلقہ ٹولے کے خلاف کارروائی کرنے پر آمادہ کیا گیا اور کارروائی عمل میں لائی گئی جس پر ”مشرق“ انتظامیہ اور بیٹ رپورٹر کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔