فیفا کی ورلڈکپ 2026ءکیلئے قوانین میں بڑی تبدیلی

وینکوور (مشرق نیوز) فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کیلئے ”یلو کارڈز“ سے متعلق قوانین میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کیا ہے تاکہ اہم ناک آوٹ میچز میں زیادہ سے زیادہ کھلاڑی دستیاب رہ سکیں۔ نئے ضوابط کے تحت کھلاڑیوں کے ڈسپلنری ریکارڈ کو ٹورنامنٹ کے دوران دو مرتبہ صاف کیا جائیگا جس سے معطلی کے امکانات کم ہو جائیں گے۔

فیفا کے مطابق گروپ مرحلے کے اختتام پر تمام کھلاڑیوں کے سنگل یلو کارڈ ختم کر دئیے جائیں گے تاکہ وہ ناک آوٹ مرحلے کا آغاز بغیر کسی دباو کے کر سکیں۔ اسکے بعد ایک اور ’ایمنسٹی‘ کوارٹر فائنلز کے بعد دی جائے گی جس کا مطلب ہے کہ سیمی فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں کے کھلاڑی بھی ایک یلو کارڈ کے خطرے سے آزاد ہو جائیں گے۔

اس سے قبل بھی یلو کارڈز کو کوارٹر فائنل کے بعد ختم کیا جاتا تھا تاکہ کوئی کھلاڑی سیمی فائنل میں کارڈ لینے کی وجہ سے فائنل سے محروم نہ ہو، تاہم نئے 48 ٹیموں پر مشتمل فارمیٹ اور اضافی ناک آوٹ راونڈ کے باعث قوانین میں مزید نرمی کی گئی ہے۔

فیفا نے مالی مراعات میں بھی اضافہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تمام شریک 48 ٹیموں کیلئے مجموعی فنڈ 15 فیصد بڑھا کر 871 ملین ڈالر کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ورلڈ کپ 11 جون سے 19 جولائی تک امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو میں کھیلا جائیگا۔