اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آلجاسم آلثانی نے چند روز کے درمیان دوسری بار ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمن آلجاسم آلثانی کا ٹیلی فون موصول ہوا جس میں بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماوں نے خطے میں جاری امن کوششوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور امن کے فروغ کیلئے جاری سفارتی اقدامات پر گفتگو کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات کی گہرائی کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان کے امن اقدامات کیلئے قطر کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے امیر قطر کیلئے تہنیتی پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ وہ امیر قطر کے آئندہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امیرقطر کا دورہ پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار شراکت داری کو مزید وسعت دینے میں اہم کردار ادا کریگا۔
امیر قطر کے آئندہ دورہ پاکستان کے منتظر ہیں: وزیراعظم شہبازشریف



















