لاہور (نعیم جاوید)لاہور کی قدیم اور مصروف ترین تجارتی منڈی اچھرہ بازار میں کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں تاہم تاجروں اور خریداروں دونوں کو متعدد مسائل کا سامنا ہے۔ مارکیٹ سروے کے دوران دکانداروں نے بتایا کہ مہنگائی، بجلی کے بڑھتے نرخ، کاروباری اخراجات، ٹیکسوں کا دباو، تجاوزات، ٹریفک جام اور پارکنگ کی کمی نے کاروبار کو متاثر کیا ہے، جبکہ خریداروں کا کہنا ہے کہ شدید رش، پارکنگ نہ ہونے اور قیمتوں میں مسلسل اضافے نے خریداری کو مشکل بنا دیا ہے۔ مارکیٹ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تاجروں نے بتایا کہ گزشتہ چند برسوں کے مقابلے میں گاہکوں کی قوت خرید میں نمایاں کمی آئی ہے۔ لوگوں کی اکثریت صرف ضروری اشیاءخرید رہی ہے جبکہ غیر ضروری خریداری میں واضح کمی دیکھی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق بجلی کے بل، دکانوں کے کرائے اور دیگر اخراجات بڑھنے سے منافع کم ہو گیا ہے تاجروں نے کہا کہ مارکیٹ کے اطراف غیر قانونی پارکنگ اور تجاوزات کے باعث گاہکوں کو شدید مشکلات پیش آتی ہیں۔ سڑکوں پر ٹریفک کا دباو بھی کاروبار پر منفی اثر ڈال رہا ہے۔ انہوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ تجاوزات کے خاتمے، پارکنگ کے بہتر انتظام اور ٹریفک کی روانی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں خریداروں نے بتایا کہ اچھرہ بازار میں اشیاء نسبتاً مناسب قیمت پر دستیاب ہیں، مگر رش، گرمی، پارکنگ کی کمی اور پیدل چلنے کے لیے محدود جگہ خریداری کے تجربے کو متاثر کرتی ہے۔ خواتین خریداروں نے مطالبہ کیا کہ مارکیٹ میں صفائی، واش روم، پینے کے پانی اور سکیورٹی کے انتظامات مزید بہتر کیے جائیں بازار کے تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر بنیادی شہری سہولیات بہتر بنا دی جائیں تو اچھرہ مارکیٹ نہ صرف لاہور بلکہ ملک بھر کے خریداروں کیلئے مزید پرکشش تجارتی مرکز بن سکتی ہے۔
اچھرہ بازار، مہنگائی،ٹریفک جام، پارکنگ کمی سے تاجروں کیلئے کاروبار مشکل


















