نورین نیازی کےخلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی کی بہن نورین نیازی کےخلاف این سی سی آئی اے اسلام آباد میں پیکا 2016 اور تعزیرات پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق نورین نیازی نے پوڈکاسٹ انٹرویو میں ریاست ،اداروں بشمول مسلح افواج کےخلاف مبینہ طور پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے اور ریاست پر عوام کا اعتماد متزلزل کرنے ، سراسیمگی پھیلانے کی کوشش کی گئی،نورین نیازی نے سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹا، اشتعال انگیز، توہین اور دھمکی آمیز مواد پھیلایا، ریاستی ،سکیورٹی اداروں کے خلاف منظم پروپیگنڈا بھی کیا۔

حکام کے مطابق نورین نیازی کےخلاف پیکا 2016 کی دفعات 20 اور 26-A ،تعزیرات پاکستان کی دفعات 505 اور 506 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ،دستاویز کے مطابق نورین نیازی کو متعدد بار نوٹس جاری کرکے بیان ریکارڈ کرانے و تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کی گئی، ابتدائی شواہد کی بنیاد پر بادی النظر میں جرم ثابت ہونے پر مقدمہ درج کیا گیا،کیس میں دیگر ممکنہ کرداروں کا تعین تفتیش کے دوران کیا جائےگا۔