سعودی عرب سے مزید ایک ارب ڈالر مل گئے: سٹیٹ بینک آف پاکستان

کراچی (مشرق نیوز) پاکستان کو سعودی عرب کی جانب سے مزید ایک ارب ڈالر موصول ہو گئے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی دوسری قسط ایک ارب ڈالر پاکستان کو موصول ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل 2 ارب ڈالر کی پہلی قسط 15 اپریل کو موصول ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ 15 اپریل کو سٹیٹ بینک نے بیان میں بتایا تھا کہ سعودی وزارت خزانہ کی جانب سے 2 ارب ڈالر وصول ہونے کے ساتھ ہی مملکت نے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے کیلئے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

بعد ازاں سعودی عرب نے پاکستان میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ بھی رول اوور کردئیے تھے جس کیلئے سٹیٹ بینک اور سعودی فنڈ برائے ترقی کے درمیان باقاعدہ معاہدہ طے پایا تھا جس پر امریکہ میں دستخط کئے گئے۔

وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ایک اہم مالی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی جس میں امریکہ میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔ یہ تقریب عالمی بینک اور عالمی مالیاتی ادارہ کے بہار اجلاس 2026 کے موقع پر منعقد ہوئی تھی۔

اس سلسلے میں جاری کئےگئے اعلامیہ میں بتایا گیا تھا کہ یہ معاہدہ سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی) اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان طے پایا، جس کے تحت سٹیٹ بینک میں رکھے گئے 3 ارب ڈالر کے سعودی ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کی گئی ہے۔