عیدالاضحی پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان تیار

لاہور (مرزا ندیم بیگ) عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، مساجد، عیدگاہوں، مویشی منڈیوں اور اہم تنصیبات کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کےلئے پنجاب بھر میں خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا ہے جبکہ لاہور سمیت بڑے شہروں میں پولیس، ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق عیدالاضحی کے ایام میں حساس مقامات، عید اجتماعات، مویشی منڈیوں، ریلوے سٹیشنوں، بس اڈوں، پارکس اور تفریحی مقامات کی نگرانی کیلئے اضافی نفری تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں ناکہ بندیوں، سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز اور مشکوک افراد کی نگرانی کے عمل کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق عید کے دوران مویشی منڈیوں کو خصوصی طور پر فوکس کیا جا رہا ہے جہاں شہریوں کے رش کے باعث جیب تراشی، وارداتوں اور دیگر جرائم کے خدشات موجود ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں سیف سٹی کیمروں، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور خفیہ نگرانی کے نظام کو فعال رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ سادہ کپڑوں میں اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے۔ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے بھی خصوصی ٹریفک پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ قربانی کے جانوروں کی بڑی گاڑیوں، منڈیوں کے اطراف رش اور عید شاپنگ کے باعث پیدا ہونے والی ٹریفک صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے اضافی وارڈنز اور ڈائیورشن پوائنٹس مقرر کئے جائیں گے۔ شہریوں کی رہنمائی کے لئے ہیلپ لائنز اور کنٹرول رومز کو بھی فعال رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حساس اضلاع میں پولیس کے ساتھ رینجرز اور دیگر معاون اداروں کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں جبکہ اہم مذہبی شخصیات اور اجتماعات کی سکیورٹی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ عید کے دنوں میں ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب محکمانہ موقف میں ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے تمام اضلاع کو جامع ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ان کے مطابق مویشی منڈیوں، عبادت گاہوں، اہم سرکاری و نجی تنصیبات اور عوامی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ سیف سٹی، ڈولفن فورس اور پیٹرولنگ ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں گی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ شہری کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔