عیدالاضحی سے قبل سمارٹ لاک ڈاﺅن ختم کیا جائے، تاجر تنظیموں کا پنجاب حکومت سے مطالبہ

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت مختلف تاجر تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاون فوری طور پر ختم کیا جائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے تاکہ عید سے قبل کاروباری سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر فہیم الرحمن سہگل، ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز، آل پاکستان انجمن تاجران کے رہنما وقار احمد میاں، ناصر حمید خان، میاں سلیم، عمر قریشی، میاں زاہد جاوید، امجد چوہدری، راجہ وسیم حسن، فاران سعےد بٹ لاہور چیمبر کے سابق صدر کاشف انور اور قومی تاجر اتحاد کے ممتاز بخاری نے کہا کہ عید کی آمد کے باعث بازاروں میں خریداری کا رجحان بڑھ رہا ہے، اسلئے حکومت تاجروں کو چوبیس گھنٹے کاروبار کرنے کی اجازت دے۔تاجر رہنماوں کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاون کے باعث کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے اور تاجر برادری مالی مشکلات کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے باعث شہری دن کے بجائے شام اور رات کے وقت خریداری کو ترجیح دیتے ہیں، لیکن کاروباری اوقات محدود ہونے سے نہ صرف تاجروں بلکہ خریداروں کو بھی دشواری کا سامنا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کے بجائے کمی کی جائے تاکہ مہنگائی میں کمی آئے اور کاروباری سرگرمیوں کو سہارا مل سکے۔ تاجر رہنماوں نے خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو چھوٹے تاجر مزید مشکلات سے دوچار ہو جائیں گے جبکہ عید کے موقع پر کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہوں گی۔