محکمہ فشریز پنجاب، نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے جامع تجاویزحکومت کو ارسال

لاہور (میاں ذیشان) محکمہ فشریز پنجاب نے آئندہ مالی سال 2026-27ءکے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کیلئے نئی اور جاری ترقیاتی سکیموں پر مشتمل جامع تجاویز پنجاب حکومت کو منظوری کیلئے بھجوا دی ہیں، جدید فش فارمز کے قیام، جھینگا فارمنگ، پنگاسیئس سمیت ہائی ویلیو مچھلی کی اقسام کی افزائش اور سرکاری ہیچریوں کی استعداد بڑھانے کیلئے بھی خصوصی سکیمیں تجویز کی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈیپارٹمنٹ آف ایکواکلچر اینڈ فشریز پنجاب نے آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت درجنوں نئی اور قبل از جاری ترقیاتی سکیموں کی منظوری کیلئے تجاویز پنجاب حکومت کی منظوری کے لئے بھجوائی گئی ہیں ذرائع کے مطابق محکمہ فشریز کی جانب سے بھجوائی گئی ترقیاتی سکیموں میں صوبہ بھر میں آبی وسائل کے موثر استعمال، مچھلی کی پیداوار میں اضافہ، جدید آبی زراعت کے فروغ، فش فارمنگ کی جدید ٹیکنالوجی، ہیچریوں کی اپ گریڈیشن، اعلیٰ نسل کے فش سیڈ کی تیاری، مچھلی کے کاروبار سے وابستہ افراد کی تربیت، نئی فش مارکیٹوں کے قیام اور فشریز سیکٹر کی ڈیجیٹلائزیشن جیسے منصوبے شامل ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال میں زرعی اور لائیو سٹاک کے ساتھ فشریز سیکٹر کو بھی خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے تاکہ سفید گوشت کی پیداوار میں اضافہ، غذائی قلت پر قابو پانے اور دیہی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔ محکمہ ایکواکلچر اینڈ فشریز نے مختلف اضلاع میں جدید فش فارمز کے قیام، جھینگا فارمنگ، پنگاسیئس سمیت ہائی ویلیو مچھلی کی اقسام کی افزائش اور سرکاری ہیچریوں کی استعداد بڑھانے کیلئے بھی خصوصی سکیمیں تجویز کی ہیں جبکہ بعض منصوبے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت شروع کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ محکمہ ایکواکلچر اینڈ فشریز پنجاب پہلے ہی مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں جھینگا فارمنگ، جدید ہیچری سہولیات اور فشریز انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن شامل ہے۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ پی اینڈ ڈی بورڈ پنجاب نے تمام محکموں کو 2026-27ءکے ترقیاتی پروگرام کیلئے تجاویز جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں جبکہ آئندہ بجٹ میں جاری منصوبوں کی تکمیل کو ترجیح دی جائے گی۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) محکمہ ایکواکلچر اینڈ فشریز پنجاب کے ترجمان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر عثمان کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال 2026-27ءکیلئے بھجوائی گئی ترقیاتی سکیموں کا بنیادی مقصد صوبے میں فشریز سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنا، مچھلی کی مجموعی پیداوار میں اضافہ اور دیہی معیشت کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ ترجمان کے مطابق محکمہ فشریز نہ صرف آبی وسائل کے بہتر استعمال پر توجہ دے رہا ہے بلکہ جدید ایکوا کلچر، جھینگا فارمنگ، اعلیٰ معیار کے فش سیڈ کی تیاری اور جدید ہیچری نظام کے فروغ کیلئے بھی عملی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں تاکہ پنجاب میں فش فارمنگ کو ایک منافع بخش صنعت کے طور پر فروغ دیا جا سکے۔