وفاقی بجٹ پر مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف وفد آج پاکستان پہنچے گا

اسلام آباد (مشرق نیوز) نئے وفاقی بجٹ پر مذاکرات کیلئے آئی ایم ایف کا وفد آج پاکستان پہنچے گا، باضابطہ مذاکرات کل سے شروع ہوں گے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق نئے وفاقی بجٹ کی تجاویز اور سفارشات کی تیاری کے پیش نظر آئی ایم ایف وفد آج پاکستان پہنچے گا، نیا بجٹ آئی ایم ایف کی مشاورت سے تیار کیا جائیگا۔

عالمی مالیاتی ادارے کے ساتھ بات چیت ایک ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے جس کے بعد بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دی جائیگی۔

مذاکرات میں آئی ایم ایف وفد کے ساتھ نئے بجٹ کیلئے ٹیکس اور دیگر معاشی اہداف پر بات چیت ہوگی، ترقیاتی اخراجات بارے بجٹ کی تجاویز بھی تیار کی جائیں گی۔

آئی ایم ایف کے ساتھ مالی نظم و ضبط بہتر بنانے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال ہوگا، حکومتی اخراجات اور بجٹ میں ہم آہنگی کیلئے اقدامات بارے تجاویز زیر غور آئیں گی۔