کوآپریٹو ہاﺅسنگ، فنانس سوسائٹیز میں سنگین بے ضابطگیاں،ناکارہ قرار، وسیع پیمانے پر تحقیقات کا آغاز

لاہور (میاں ذیشان) پنجاب میں لیکوڈیشن بورڈ کے زیر انتظام آنے والی کوآپریٹو ہاﺅسنگ اور فنانس سوسائٹیز میں سامنے آنے والی سنگین بے ضابطگیوں، مالی بدعنوانیوں اور انتظامی نااہلی کے انکشافات، پنجاب ناپسندیدہ کوآپریٹو سوسائٹیز (منسوخ اور دوبارہ تنظیم) بل 2025کے مطابق پنجاب بھر میں 40سے زائد کوآپریٹو سوسائٹیز کو ناپسندیدہ اور 6 سوسائٹیز کو ناکارہ قرار، مالی خوردبرد، جعلی الاٹمنٹ، ڈبل ایگزیمشن اور سرکاری اراضی پر قبضوں جیسے سنگین الزامات کے بعد حکومت نے وسیع پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب میں ناپسندیدہ اور لیکوڈیشن کے عمل میں جانے والی سوسائٹیز کی تعداد چالیس سے زائد رہی ہے جنہیں مختلف ادوار میں تحلیل کیا گیا، ان میں نمایاں طور پر پریمیئر انڈسٹریل ڈویلپمنٹ کوآپریٹو کارپوریشن لمیٹڈ، پاک پنجاب کوآپریٹو سوسائٹی، ایگرو کمرشل انوسٹمنٹ کوآپریٹو لمیٹڈ، الائیڈ انڈسٹریل کوآپریٹو ڈویلپمنٹ سوسائٹی لمیٹڈ، ایشیا کوآپریٹو کریڈٹ کارپوریشن لمیٹڈ، بیرا ایکس کمرشل کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ، سینٹرل پنجاب کوآپریٹو کریڈٹ سوسائٹی لمیٹڈ، سٹی انڈسٹریل کوآپریٹو ڈویلپمنٹ سوسائٹی لمیٹڈ شامل ہیں جبکہ دیگر سوسائٹیز میں آدم انڈسٹریل امیوزمنٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ، ایگریکلچرل اینڈ الائیڈ سروسز کوآپریٹو ڈویلپمنٹ سوسائٹی لمیٹڈ، الائنس انڈسٹریل اینڈ کمرشل کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ، السادات کوآپریٹو تھرفٹ اینڈ کریڈٹ سوسائٹی لمیٹڈ، کیپٹل کوآپریٹوز لمیٹڈ، کریسنٹ کوآپریٹو ڈویلپمنٹ سوسائٹی لمیٹڈ، یوریشیا انڈسٹریل کوآپریٹو لمیٹڈ، فیڈرل انڈسٹریل کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ، گلوبل کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ، حبیب انڈسٹریل کوآپریٹو کارپوریشن لمیٹڈ، انڈس کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ، انٹرنیشنل انڈسٹریل کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ، کسان کوآپریٹو کمرشل کارپوریشن لمیٹڈ، مرکنٹائل کوآپریٹو فنانس کارپوریشن لمیٹڈ، ملت کوآپریٹوز لمیٹڈ سمیت درجنوں دیگر ادارے شامل ہیں، جبکہ حالیہ قانون سازی کے تحت چھ ایسی غیر فعال مگر کاغذی طور پر موجود سوسائٹیز بھی سامنے آئی ہیں جو تحلیل ہونے کے باوجود سرگرم دکھائی جا رہی تھیں جن میں نیشنل انڈسٹریل کوآپریٹو کریڈٹ کارپوریشن، نیشنل انڈسٹریل کوآپریٹو فنانس کارپوریشن، پاکستان ڈویلپمنٹ کوآپریٹو کارپوریشن لمیٹڈ، پاسبان کوآپریٹو فنانس کارپوریشن، سروسز کوآپریٹو کریڈٹ کارپوریشن لمیٹڈ اور یونائیٹڈ ڈویلپمنٹ کوآپریٹو سوسائٹی لمیٹڈ شامل ہیں، ذرائع کے مطابق ان سوسائٹیز میں بڑے پیمانے پر مالی خرد برد، جعلی الاٹمنٹ لیٹرز، ڈبل فائلنگ، بغیر ملکیت زمین کی فروخت اور سرکاری اراضی پر قبضوں جیسے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں جبکہ بعض کیسوں میں سوسائٹی انتظامیہ اور سرکاری افسران کی ملی بھگت بھی بے نقاب ہوئی ہے، انہی الزامات کی بنیاد پر مختلف سطحوں پر تحقیقات شروع کی گئی ہیں جن میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، کمشنرز، چیف سیکرٹری آفس اور محکمہ کوآپریٹو شامل ہیں جبکہ متعدد کیس اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو بھی بھجوائے جا چکے ہیں، مزید یہ کہ لیکوڈیشن کے عمل کے دوران تعینات کئے گئے بعض لیکوڈیٹرز کی کارکردگی بھی سوالیہ نشان بن گئی ہے جن پر سست روی اور ریکارڈ چھپانے جیسے الزامات عائد کئے جا رہے ہیں، حکومت نے نئی قانون سازی کے تحت ان سوسائٹیز کے اثاثے اپنے کنٹرول میں لے کر متاثرین کو ریلیف دینے، ریکارڈ کی ازسرنو جانچ پڑتال کرنے اور ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی و فوجداری کارروائی کرنے کا عندیہ دیا ہے تاکہ دہائیوں سے جاری اس بڑے مالی سکینڈل کا خاتمہ کیا جا سکے اور عوام کا اعتماد بحال ہو سکے۔

لاہور (سپیشل رپورٹر) پنجاب بھر میںموجود لیکوڈیشن بورڈ کے زیر انتظام کوآپریٹو سوسائٹیز میں ہونے والی بے قائدگیوں اور بد انتظامیوں کے حوالے سے سیکرٹری پرائیوٹائزیشن بورڈ آف ریونیو پنجاب ظہیر عباس چٹھہ سے ان کا موقف جاننے کیلئے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایک سال قبل لیکوڈیشن کے انتظامات بورڈ آف ریونیو کے سپرد کئے گئے ہیں۔ لیکوڈیشن کمیٹی کالونیز ڈیپارٹمنٹ بورڈ آف ریونیو پنجاب سرکاری زمینوں کے قبضہ واگزار کروانے اور دیگر انتظامی امور کے حوالے بہترین کارکردگی سر انجام دے رہی ہے۔