لاہور:(خبر نگار)مائنس عمران خان کا ماحول بنایا جا رہا ہے،وفاداریاں نہ بیچنے والے غدار ہیں،پی ٹی آئی، تحریک تحفظ آئین پاکستان نے آئین کے تحفظ ، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلئے جلسے جلوس کرنے کااعلان کر دیا۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود اچکزئی ، سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ ، اسد قیصر ، سردار لطیف کھوسہ ، عمر ڈار اور حقوق خلق پارٹی کے عمار جان نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، محمود اچکزئی نے کہا تمام ادارے برباد ہو چکے ، دنیا میں کہیں نہیں سنا کسی پارٹی کا انتخابی نشان لے لیا جائے، بانی ملک کا سب سے بڑا لیڈر ہے، یہاں آج وفاداریاں نہ بیچنے والے غدار ہیں، ہم کہتے ہیں پاکستان میں منتخب پارلیمنٹ ہو، طاقت کا سرچشمہ پارلیمنٹ ہو ، فیصلے منتخب پارلیمنٹ کرے، کسی سے کوئی دشمنی نہیں، لڑائی جھگڑے والے لوگ نہیں ۔
اچکزئی نے کہا نواز ، شہباز ،زرداری، عمران خان بڑے آدمی ہوں گے لیکن سب سے بڑا پاکستان ہے، فیصلہ کر لیا گلی گلی جائیں گے، اداروں سے کہتے ہیں سیاست آپ کا کام نہیں ، مائنس عمران خان کا ماحول بنایا جا رہا ہے، ایسی ہر کوشش کی تحریک تحفظ آئین پاکستان مزاحمت رے گی، آ پ کون ہوتے ہیں مائنس کرنے والے، ہم جلسے کریں گے، جلوس نکالیں گے ، ہم پر امن رہیں گے اور اگر ہمارا راستہ روکا گیا تو یاد رکھو فوج اور عوام کی لڑائی میں عوام جیت جاتی ہے،وارننگ دے رہے ہیں ہمارا راستہ نہ روکنا، خانہ جنگی نہیں کرینگے، ہمیں جدو جہد نہ کرنے دی گئی تو پھر کہیں گے جیلیں کھول دیں ، آپ کی جیلیں بھر جائیں گی، آپ کو جیلوں میں جگہ نہیں ملے گی۔
جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا بانی کےساتھ کھڑے ہیں،آخری دم تک وفا نبھائیں گے کیونکہ آج عمران خان کےساتھ پاکستانی قوم کھڑی ہے، اگر کوئی یہ سمجھتا ہے پاکستانی قوم کو جھٹلایا جا سکتا ہے، اس ملک میں حرمت کو دھتکارا جا سکتا ہے یا اس ملک میں آواز کو دبایا جا سکتا ہے تو وہ بے وقوف ہے،ایسا نہیں ہوگا،تاریخ گواہ ہے عوام کے ریلے کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی ،عوام کا ریلا عمران خان کو آزاد کرائے گا، بانی کی رہائی ، صحت سے بڑھ کر ہمارے لیے کچھ اہم نہیں،پاکستان کے ہر مزدور اور کسان سے کہتے ہیں تمہارا مستقبل، تمہاری حقیقی آزادی، عمران خان کی آزادی سے منسلک ،اکٹھے لڑنا ہے۔
سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا پنجاب میں کسانوں کا استحصال ہو رہا، کسانوں کےساتھ ہیں، کسان تنظیموں کے پاس جائیں گے، ان کو اپنے ساتھ انگیج کریں گے، کسانوں کےساتھ ملکر تحریک چلائیں گے، پارٹی عمران خان کی ہے،اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ بانی کی جگہ لے سکتا ہے تو وہ غلط فہمی میں ہے۔
آئین کے تحفظ ، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کےلئے تحریک چلائیں گے،متحدہ اپوزیشن



















