لاہور (مرزا ندیم بیگ) لاہور پولیس نے جرائم کے خلاف کارروائیوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے صوبائی دارالحکومت کو گزشتہ کئی برسوں کے مقابلے میں زیادہ محفوظ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ ون فائیو پر موصول ہونے والی کالز اور پولیس ریکارڈ کے مطابق سال 2026 کے ابتدائی چار ماہ میں سنگین جرائم کی شرح میں ریکارڈ کمی سامنے آئی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے پہلے چار ماہ میں مجموعی طور پر 4 ہزار 452 سنگین جرائم رپورٹ ہوئے، جبکہ 2025 کے اسی عرصے میں یہ تعداد 16 ہزار 722 تھی۔ اس طرح رواں سال گزشتہ سال کے مقابلے میں 73 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔مزید اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ 2024 کے ابتدائی چار ماہ کے دوران 24 ہزار 275 جبکہ 2023 میں 33 ہزار 542 سنگین جرائم رپورٹ ہوئے تھے۔ اس اعتبار سے 2026 میں 2024 کے مقابلے میں 82 فیصد اور 2023 کے مقابلے میں 87 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جو لاہور پولیس کے مطابق ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔جرائم کی مختلف اقسام کا جائزہ لیا جائے تو رابری کی وارداتوں میں 78 فیصد، ڈکیتی میں 92 فیصد اور چھینا جھپٹی کے واقعات میں 64 فیصد کمی سامنے آئی۔ اسی طرح موٹر سائیکل چوری کے واقعات میں 72 فیصد اور گاڑی چوری کے کیسز میں 86 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق موٹر سائیکل چھیننے کے واقعات میں 89 فیصد جبکہ گاڑیاں چھیننے کے جرائم میں 95 فیصد کمی ہوئی۔ دیگر گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کے واقعات میں بھی بالترتیب 76 فیصد اور 67 فیصد کمی رپورٹ کی گئی ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، فیصل کامران نے اس حوالے سے کہا کہ جرائم کی شرح کسی بھی شہر کی امن و امان کی مجموعی صورتحال کی عکاس ہوتی ہے اور لاہور پولیس نے جرائم پر قابو پانے میں اپنے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ ان کے مطابق جدید ٹیکنالوجی، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور مو¿ثر پولیسنگ کے باعث جرائم میں مسلسل کمی ممکن ہوئی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے جرائم کی روک تھام اور ملزمان کی گرفتاری میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ پولیس افسران اور جوانوں کی شبانہ روز محنت بھی ان نتائج کی بنیادی وجہ ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ جرائم پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ لاہور پولیس نے امن و امان برقرار رکھتے ہوئے بڑے قومی اور بین الاقوامی ایونٹس، خصوصاً پاکستان سپر لیگ کے دوران بھی مثالی سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے۔پولیس حکام کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں جرائم کے خاتمے کیلئے مزید موثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے اور آنے والے مہینوں میں اس سے بھی بہتر نتائج حاصل کرنے کی توقع ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو لاہور ملک کے محفوظ ترین شہروں میں مزید نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔
لاہور پولیس کی جرائم کیخلاف نمایاں کامیابی، 2026ءکے دوران شرح میں ریکارڈ کمی



















