تجاوزات مافیا کا میٹروپولیٹن کارپوریشن عملے پر وحشیانہ تشدد، متعدد ملازمین شدید زخمی

لاہور (خبرنگار) ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقہ علی ٹاﺅن میں تجاوزات مافیا اور سرکش بلوائیوں نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے عملے پر وحشیانہ قاتلانہ حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں متعدد سرکاری ملازمین شدید زخمی ہو گئے جبکہ سرکاری املاک کو نذرِ آتش کر کے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا سنگین نقصان پہنچایا گیا۔ قانون سے بالکل بے خوف عمر اور کاشف گروپ سمیت 40 سے 50 مسلح شرپسندوں نے لاٹھیوں، ڈنڈوںاور لوہے کے راڈز سے لیس ہو کر سرکاری ملازمین پر دھاوا بولا اور قانون کے مطابق کارروائی کرنے والی ٹیم کو لہولہان کر دیا۔ ان بلوائیوں نے نہ صرف عملے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں بلکہ ضبط کیا گیا سامان بھی زبردستی چھین لیا اور وہاں موجود سرکاری ٹرکوں کی توڑ پھوڑ کرنے کے بعد ایک ٹرک پر پٹرول چھڑک کر اسے سرِعام آگ لگا دی، جس سے لاکھوں روپے مالیت کا سرکاری ٹرک جل کر خاکستر ہو گیا۔ اس ہولناک واقعہ نے جہاں لاہور میں تجاوزات مافیا کی بڑھتی ہوئی دلیری کو بے نقاب کیا ہے، وہیں میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سابق میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کاشف جلیل کی مجرمانہ غفلت اور نااہلی پر بھی ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ کاشف جلیل نے ہمیشہ اپنے دورِ تعیناتی میں سستی شہرت کی خاطر زمینی حقائق کو نظرانداز کیا اور یہ جانتے ہوئے بھی کہ تجاوزات مافیا انتہائی منظم اور مسلح ہے، اپنے ماتحت نہتے ملازمین کو بغیر کسی سکیورٹی پلان یا پولیس کور کے سیدھا ان خونخوار بلوائیوں کے سامنے فیلڈ میں جھونکتا رہا ہے۔ وہ خود تو ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر زبانی احکامات صادر کرتے رہے لیکن عملے کو مافیا کے حملوں کے سامنے بالکل لاوارث اور غیر محفوظ چھوڑ دیا جاتا رہا ہے جس کا نتیجہ ملازمین کے شدید زخمی ہونے اور سرکاری املاک کی بربادی کی صورت میں نکلا۔ ایسے واقعات پہلے بھی کئی بار سامنے آ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ متاثرہ سرکاری ٹیم کی جانب سے تھانہ نواب ٹاو¿ن میں ملزمان کے خلاف سنگین دفعات کے تحت کارروائی کیلئے استغاثہ جمع کروا دیا گیا ہے، تاہم آخری اطلاعات آنے تک ایف آئی آر درج نہیں ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کیساتھ ساتھ سابق ایم او آر کاشف جلیل کی اس بھیانک غفلت کا بھی سخت نوٹس لیتے ہوئے کڑی محکمانہ انکوائری کی جائے جنہوں نے ملازمین کی زندگیوں کا سودا کر کے انہیں مافیا کے آگے لاوارث چھوڑ دیا تھا، کیونکہ جب تک ایسے نااہل افسران کا محاسبہ نہیں ہوگا، تب تک نہتے ملازمین یوں ہی تجاوزات مافیا کی غنڈہ گردی کا نشانہ بنتے رہیں گے۔