ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ساہیوال بورڈ آفس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ون ونڈو آپریشن سیل اور فیسلی ٹیشن کاونٹر کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ و طالبات سے براہِ راست ملاقات کر کے انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات بارے دریافت کیا۔ کمشنر نے فیسلی ٹیشن کاونٹر کے عملے کو ہدایت کی کہ آنے والے طلبہ و طالبات سے خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے کنٹرولر امتحانات کو بھی ہدایت کی کہ طلبہ و طالبات کو بار بار بورڈ آفس کے چکر لگوانے سے گریز کیا جائے اور حتیٰ الامکان ایک ہی وزٹ میں مسائل حل کئے جائیں۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے بورڈ کے مرکزی دروازے پر فیسلی ٹیشن کاونٹر کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے طلبہ و طالبات کو رہنمائی اور معلومات کے حصول میں آسانی میسر آئے گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شکایات کے اندراج کیلئے فعال سیل قائم رکھا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کسی بھی مشکل کی صورت میں فوری رابطہ کر سکیں۔ اس ضمن میں انہوں نے بتایا کہ طلبہ و طالبات شکایات سیل نمبر 0409200518 پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ کمشنر ساہیوال نے ہدایت کی کہ فیسلی ٹیشن کاونٹر کے سامنے طلبہ و طالبات کی آسانی کیلئے واضح اور جامع معلومات پر مشتمل فلیکس آویزاں کیا جائے جس پر فیس کی ادائیگی کے طریقہ کار اور بورڈ میں ہونے والے مختلف امور کی تفصیل صاف اور نمایاں انداز میں درج ہو تاکہ آنے والے طلبہ و طالبات کو مکمل رہنمائی ایک ہی جگہ میسر آ سکے۔انہوں نے بورڈ آفس میں بینک برانچ کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس اقدام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ طلبہ و طالبات کو فیس جمع کروانے میں درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
بورڈ آفس میں فیسلی ٹیشن کاونٹر کے قیام سے طلبہ کی مشکلات میں کمی آئیگی: کمشنر ساہیوال


















