قومی سطح پر یکساں ای فائلنگ نظام کیلئے مشاورتی عمل شروع

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے سٹینڈرڈائزڈ نیشنل ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری کےلئے بار کےساتھ مشاورتی عمل کا آغاز کر دیا، مجوزہ نظام کا مقصد سپریم کورٹ، ہائی کورٹس اور ضلعی عدالتوں میں ای فائلنگ کےلئے یکساں و مربوط طریقہ کار وضع کرنا ہے۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت قومی سطح پر یکساں ای فائلنگ نظام کے قیام کےلئے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہوا،پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن اور صوبائی بار کونسلز کے نمائندوں،سپریم کورٹ ،لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے سینئر افسروں نے شرکت کی۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا بار عدالتی فائلنگ نظام کا اہم شراکت دار اور بنیادی صارف ، ای فائلنگ فریم ورک کی تیاری کے ابتدائی مرحلے سے ہی بار کی عملی ضروریات و تجربات کو شامل کیا جا رہا ہے،مجوزہ نیشنل ای فائلنگ سسٹم عدالتی نظام میں مشترکہ، منظم ،قواعد کے مطابق فائلنگ کا طریقہ کار فراہم کرےگا،ملک بھر میں ای فائلنگ کے یکساں معیارات متعارف کرائے جائیں گے، عدالتی طریقہ کار میں ہم آہنگی ،مربوط ڈیجیٹل کیس فائلنگ کو فروغ ملے گا۔