لارک جزیرے پر حملہ ،آبنائے ہرمز میں دھماکے،پل،بجلی گھر تباہ کردینگے،ٹرمپ

ایران،واشنگٹن،منیلا:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)امریکی جارحیت،ایران کے لارک جزیرے پر حملہ ،آبنائے ہرمز میں بھی دھماکے،تہران کابھرپور جوابی وار،اردن،کویت میں امریکی فوج اڈے نشانہ،اردن نے 4ڈرون گرانے کادعویٰ کردیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی فوج نے لارک جزیرے پر حملہ کیا ،آبنائے ہرمز کے علاقے میں بھی زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں،حکام نے تحقیقات شروع کر دیں۔

قبل ازیں ایرانی فوج نے اردن ،کویت میں امریکی فوجی اڈوں پر میزائل ،ڈرون داغے،پرنس حسن،کنگ فیصل ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا،8 نئے ایم کیو9 ڈرون تباہ کردئیے۔

ادھر اردن نے دعویٰ کیا فضائیہ نے ایران کی جانب سے آنےوالے 4حملہ آور ڈرونز کو مار گرایا ،کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا،انجینئرنگ کور نے ڈرونز کا ملبہ گرنے والے علاقوں کو محفوظ بنا یا ۔

دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو نئی دھمکی دیتے ہوئے کہا آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے کیے گئے تو جواب ایران کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا،پل،پاور پلانٹس بھی ممکنہ اہداف میں شامل ہو سکتے ہیں،بحری جہازوں پر کسی بھی حملے کا سخت جواب دیا جائےگا۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا امریکہ اب بھی مذاکرات کے ذریعے بحران کا حل چاہتا ہے،ایران سنجیدگی دکھائے،تہران نے ماضی میں طے شدہ وعدوں پر عمل نہیں کیا، ایران مذاکرات میں سنجیدہ ہوا تو امریکہ بھی آگے بڑھے گاورنہ اپنے و اتحادیوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے اقدامات کیے جائیںگے،آبنائے ہرمز پر ایرانی کنٹرول کسی صورت قبول نہیں۔

ادھر ایرانی آرمی چیف جنرل امیرحاتمی نے کہا امریکہ کی کسی بھی کارروائی کا منہ توڑجواب دیں گے،امریکہ خودکو فرعون کی حیثیت میں سمجھتا تھا،کہتا تھادنیا کی کوئی فوج مقابلہ نہیں کرسکتیلیکن ایران نے ثابت کیا اوربھرپورمقابلہ کرکے عزائم خاک میں ملادیئے،ایران کا اب بھی آبنائے ہرمز پر کنٹرول ہے،امریکہ پر رتی برابر بھی اعتماد نہیں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کوہ کلنگ پر امریکی الزامات بے بنیاد، من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہاامریکی حملے اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں ،امریکہ سائنسی و تکنیکی ترقی کا دشمن ہے،امریکی اقدامات جارحیت، تباہی اور تخریب کاری کےلئے من گھڑت بہانے ہیں،ملکی خودمختاری ،قومی سلامتی پر ہونےوالے ہر حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔