اسلام آباد،دو حہ،واشنگٹن،تہران:(بیورورپورٹ،مشرق نیوز)دوحہ مذاکرات میں بڑی پیشرفت،امریکہ،ایران کابات چیت جاری رکھنے پر اتفاق،واشنگٹن نے تہران کو آبنائے ہرمز پر ٹول فیس کی بجائے بڑی اقتصادی پیشکش کردی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قطر ، پاکستان کے ثالثوں نے دوحہ میں امریکی و ایرانی مذاکرات کاروں سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے امور پر مثبت پیشرفت ہوئی،شہید ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کی تدفین کے بعد مذاکرات کی نئی تاریخ طے کی جائےگی، فریقین نے آئندہ بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔
قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری کے مطابق بالواسطہ مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ،دونوں ممالک نے آئندہ دور کی بات چیت ایران کے سابق سپریم لیڈر کی آخری رسومات کے بعد دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے دعویٰ کیا امریکہ نے آبنائے ہرمز پر ٹول ٹیکس عائد نہ کرنے کی صورت میں ایران کو بڑی اقتصادی پیشکش کردی،دوحہ میں بالواسطہ تکنیکی مذاکرات آبنائے ہرمز پر مرکوز رہے،امریکی حکام نے ایران کو مشورہ دیا بڑا سوچیں آبنائے ہرمز میں ٹول فیس کی بجائے معاشی فوائد لیں، جامع جوہری معاہدے اور پابندیاں اٹھنے کی صورت میں ایران کو ٹول فیس کی نسبت 100 گنا زیادہ منافع ہو گا۔
دریں اثنا امریکہ ،مشرق وسطیٰ کے 12 ممالک نے آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارتی سرگرمیاں جاری رکھنے کےلئے مشترکہ کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کرلیا،سینٹکام کی قیادت میں بحرین میں خطے کے اعلیٰ فوجی حکام کا سکیورٹی اجلاس ہوا، مشرق وسطیٰ کی موجودہ سکیورٹی صورتحال، علاقائی استحکام اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،امریکہ، سعودی عرب، قطر، عمان، بحرین، مصر، اردن، کویت، لبنان، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن کے اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی، شرکا نے آبنائے ہرمز میں بلا رکاوٹ تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے اور خطے میں دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا امریکہ نیٹو اتحاد میں کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ دفاعی اخراجات برداشت کرتا ہے، دیگر رکن ممالک مساوی کردار ادا نہیں کر رہے،امریکہ کسی واضح فائدے کے بغیر نیٹو اتحادیوں کی سلامتی یقینی بناتا ہے۔
دریں اثنا ایرانی فوج نے کہا آبنائے ہرمز میں کسی بھی امریکی مداخلت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، تمام تجارتی جہاز محفوظ آمدورفت کےلئے ایران کے مقرر کردہ راستوں کو اختیار کریں،مقررہ راستوں کے علاوہ دیگر راستوں کا استعمال کرنے والے جہاز نتائج کے خود ذمہ دار ہوں گے، آبنائے ہرمز ایران کی بلا شرکت غیرے خودمختاری کا حصہ ، آبی گزرگاہ کی سلامتی سرخ لکیر ہے۔
ادھر اقوامِ متحدہ میں ایران کے سفیر امیر سعید ایروانی نے اسرائیل کی جانب سے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کو قتل کرنے کی حالیہ دھمکی کےخلاف اقوامِ متحدہ میں باضابطہ احتجاج درج کرایا،اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کو لکھے گئے خط میں امیر سعید ایروانی نے کہا اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی دھمکی ایرانی حکومتی عہدیداروں کو نشانہ بنانے کی سوچی سمجھی و منظم ریاستی دہشت گردی کی پالیسی کا حصہ ہے، تہران کسی بھی دشمنانہ اقدام کا جواب دے گا۔
دوحہ مذاکرات میں پیشرفت،امریکہ،ایران کابات چیت جاری رکھنے پر اتفاق


















