صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان پر پابندی لگاکر مستعفی


لاہور: (سپورٹس رپورٹر)صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان پر پابندی لگاکر مستعفی،تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا مطالبہ کر دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق بگٹی نے کہا اپنا استعفیٰ وزیر اعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ،بدانتظامی کا ذمے دار پاکستان سپورٹس بورڈ ،کپتان عماد بٹ پر 2 سال کی پابندی لگادی ،ڈومیسٹک و انٹرنیشنل کہیں نہیں کھیل سکتے،وزیراعظم ،فیلڈ مارشل سے درخواست کرتا ہوں تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے،ذمہ دار کو سزا ملنی چاہیے،پی ایس بی کی وجہ سے دورہ آسٹریلیا میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا،ہوٹل بکنگ کیلئے رقم وقت پر ادا نہیں کی گئی۔

ادھرانکوائری کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کو قصور وار قرار دےدیا،وزیراعظم کو بھجوائی گئی رپورٹ کے مطابق پی ایچ ایف کی ویزا درخواستوں میں تاخیر ،غلطیوں سے شیڈول پرواز منسوخ کی گئی، نئے ٹکٹس بنوانے پر2کروڑ 71 لاکھ روپے کا اضافی خرچ پی ایس بی نے برداشت کیا، ویزا پراسیس پر مزید 97 لاکھ کااضافی مالی بوجھ بھی پی ایس بی کو اٹھانا پڑا۔

ذرائع کے مطابق ٹیم کی رہائش کےلئے 49 ہزار 280 آسٹریلوی ڈالرپاکستان ہاکی فیڈریشن کوپیشگی جاری کیے گئے، آسٹریلیا میں 12 ڈبل، 2 سنگل کمروں کی بکنگ کےلئے رقم فراہم کی گئی لیکن ٹیم کا ڈبل ٹری بائی ہلٹن ہوٹل میں قیام نہیں ہوا۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی ،ہاکی کھلاڑیوں نے پیش آنے والے ناخوشگوار واقعات سے آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے ناروا سلوک پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہاکی کے کھلاڑیوں کو ہر طرح اکاموڈیٹ ،مسائل کے حل کیلئے تعاون جاری رکھاجائےگا،پاکستان کی عزت سب سے پہلے ہے، کسی بھی صورت وطن کے وقار پر حرف نہیں آنے دیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا 6قومی ہاکی ٹورنامنٹ میں رنر اپ آنے پر اعلان کردہ 10، 10 لاکھ روپے کے چیک بھی کھلاڑیوں کو دیئے، ہاکی کھلاڑیوں نے ملاقات و حوصلہ افزائی کرنے پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔