لاہور:(سپورٹس رپورٹر)14سابق بین الاقوامی کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم کو خط لکھ کر عمران خان کو جیل میں بہتر سہولیات و مناسب طبی امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
سابق آسٹریلوی کپتان گریگ چیپل کی تیار کردہ درخواست پر سنیل گواسکر ،کپل دیو سمیت آسٹریلیا، انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے کئی سابق کپتانوں نے دستخط کیے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال کیے گئے خط میںسابق کھلاڑیوں نے عمران خان کی صحت پر گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے بینائی کی خرابی و طویل قید کے دوران حالات پر سوالات اٹھادئیے،سابق کپتانوں نے کہا کرکٹ انصاف، احترام و وقار کا درس دیتی ہے، عمران خان جیسی عالمی شہرت یافتہ شخصیت کو بنیادی انسانی حقوق و باعزت سلوک ملنا چاہیے۔
خط میں کہا گیاعمران خان کو پسند کے ماہر ڈاکٹروں سے فوری و مسلسل طبی معائنہ کرانے کی اجازت ، اہلخانہ سے ملاقات کی سہولت فراہم اور قانونی کارروائی شفاف انداز میں مکمل کی جائے،کرکٹ نے ہمیشہ قوموں کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ،میدان کی رقابت ختم ہونے کے بعد احترام باقی رہتا ہے۔
عمران خان کو بہترین علاج مہیا کریں،سابق غیر ملکی کرکٹرز کا وزیراعظم کوخط



















