توقع ہے غزہ بورڈ آف پیس پائیدار امن کیلئے ٹھوس اقدامات کریگا: اسحاق ڈار

نیویارک (مشرق نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے امن کو ششوں کو سبوتاژ کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاہم امید ہے غزہ بورڈ آف پیس پائیدار امن کیلئے ٹھوس اقدامات کریگا۔ غزہ جنگ بندی کو پائیدار بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔

مشرق وسطیٰ سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے امن کوششوں کوسبوتاژ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل کا مغربی کنارے سے متعلق فیصلہ باعث تشویش ہے، اسرائیل کے توسیع پسندانہ اقدامات کسی صورت قبول نہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیلی اقدامات جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، فلسطینیوں کیلئے امدادکی ترسیل میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں، جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سینکڑوں فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ مستقل امن کیلئے باہمی اعتماد پر مبنی سفارتکاری ضروری ہے، غزہ کی تعمیر نو، انسانی امداد وقت کی اہم ضرورت ہے، فلسطینی اتھارٹی کا مرکزی کردار تمام صورتحال میں لازم وملزوم ہے، فلسطینیوں کے حق خودارادیت کا احترام کئے بغیر کوئی حل قابل عمل نہیں۔