بنوں: فتنہ الخوارج کا حملہ، لیفٹیننٹ کرنل اور سپاہی شہید، 5 دہشت گرد جہنم واصل

راولپنڈی (مشرق نیوز) بنوں میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے بزدلانہ حملہ کیا جس سے لیفٹیننٹ کرنل اور ایک سپاہی شہید ہو گئے، آپریشن میں 5 دہشت گرد جہنم واصل کر دیئے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز کے قافلے کو بنوں ضلع میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج نے اس وقت نشانہ بنایا جب خوارج کی موجودگی، جن میں ایک خودکش بمبار بھی شامل تھا، کی اطلاع پر انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا جا رہا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے اگلے دستے نے گاڑی میں سوار خودکش بمبار کو بروقت روک لیا اور اس کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دیا، یہ دہشت گرد بنوں شہر میں معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا چاہتا تھا، یوں ایک بڑے سانحہ کو ٹال دیا گیا۔

یہ بھی بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران خوارج کا سراغ لگا کر شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سکیورٹی فورسز نے پانچ خوارج کو جہنم واصل کر دیا تاہم مایوسی کے عالم میں خوارج نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی اگلے دستے کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرانے سے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ شہید ہو گئے، مانسہرہ سے تعلق رکھنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز ایک بہادر کمانڈنگ آفیسر تھے اور اپنی جراتمندانہ کارروائیوں کیلئے معروف تھے۔