ایک بار ٹریگر دبنے سے ملزم کا ارادہ واضح ہو جاتا ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ


اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اقدامِ قتل کیس میں ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری درخواست خارج ،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہاایک بار ٹریگر دبا دیا جائے اور نشانہ لگ جائے تو ملزم کا ارادہ واضح ہو جاتا ہے، ملزم اپنی ناقص نشانے بازی کو ضمانت کےلئے رعایت کی بنیاد نہیں بنا سکتا،دستیاب شواہد و جرم کی سنگینی کو مد نظر رکھتے ہوئے ملزم ضمانت کی رعایت کا حق دار نہیں۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ملزم فواد پر مدعی کی اہلیہ ، بیٹے پر فائرنگ کر کے زخمی کرنے کا الزام ہے،ریکارڈ کے مطابق مدعیہ کے بیٹے کو 3 گولیاں لگیں ،دوران تفتیش ملزم سے وارادت میں استعمال پستول بھی برآمد کیا گیا،زخمیوں کو پہلے ہسپتال منتقل کرنا قدرتی عمل ہے اور چند گھنٹوں کی تاخیر سے کیس پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ہائیکورٹ نے کہا گولی کا رخ حملہ آور کے اختیار میں نہیں ہوتا، پولیس فائل کے مطابق ملزم فواد کےخلاف پہلے بھی 4 دیگر مقدمات درج ہیں،ریکارڈ پر موجود مواد ملزم کو جرم سے جوڑنے کےلئے کافی ہے۔