امریکا کی ایران پر مسلسل بارہویں روز یلغار، اہم تنصیبات نشانہ

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ایران پر مسلسل 12ویں رات حملوں میں بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون ذخیرہ کرنے کی تنصیبات، ساحلی نگرانی کے مراکز اور فضائی دفاع کے اثاثوں کو نشانہ بنایا۔

امریکی فوج کی مرکزی کمان سینٹ کام نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان حملوں سے سویلین ملاحوں اور تجارتی جہازوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت مزید کم ہوئی ہے۔

سینٹ کام کے مطابق امریکی فوج نے اس ماہ خشکی پر موجود ایران کے درجنوں عسکری مقامات کو نشانہ بنایا ہے جبکہ سمندر میں ایران کے خلاف ناکہ بندی کا دوبارہ آغاز کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ’آج تک سینٹکام نے نو تجارتی جہازوں کا رخ موڑا ہے اور ایک جہاز کو ناکارہ بنایا ہے تاکہ جہازوں کو ایرانی بندرگاہوں میں داخل ہونے یا وہاں سے روانہ ہونے سے روکا جا سکے۔

سینٹ کام کا کہنا ہے کہ 50 ہزار سے زائد امریکی فوجی اہلکار پورے مشرق وسطیٰ میں تعینات ہیں اور اپنے فرائض ادا کرنے کیلئے ہر وقت چوکس اور تیار ہیں۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا کے مطابق سیرک اور بوشہر میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اہواز شہر کے قریب بھی میزائل حملے کیے گئے۔ گورنر بوشہر کے مطابق امریکی فوج نے بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قریب بجلی گھر کو نشانہ بنایا۔