لاہور( اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مہنگائی ، پٹرولیم لیوی اور ٹیکسوں کے خلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی مل کر قوم کا استحصال کر رہے ہیں، بلوچستان میں بدامنی پر تشویش ہے،ریاست گریٹر جرگہ بلائے ،پیپلزپارٹی اور بلاول بھٹو اسٹیبلشمنٹ کی بہترین ٹیم ہیں،وزیر اعظم ،چیئرمین سینٹ مشترکہ ووٹوں سے بنے ہوئے ہیں ،چھبیس ستائیسویں ترمیم ،جنرل باجوہ کی توسیع میں پیپلزپارٹی شامل تھی، خواجہ آصف کے بیان کو کوئی اچھا نہیں سمجھتا (ن) لیگ کو ایکشن لینا چاہیے ،بانی پی ٹی آئی کو اقتدار سے جس اتحاد نے الگ کیا اس کے سربراہ مولانا فضل الرحمن تھے اب مولانا کس سے شکایت کررہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کی بہن کا بیان ان کی جماعت نے ہی قبول نہیں کیا تو اس پر بات کرنا بنتی نہیں ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ 7 اگست کو تمام شاہراہیں بند کر دیں گے، صرف ایمبولینسز کو گزرنے کی اجازت ہوگی،حکمران جھوٹ بول کر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں ،پٹرول پر سالانہ 1800 ارب روپے کی پٹرولیم لیوی معاشی دہشتگردی کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ غریب، مزدور اور مڈل کلاس کا چولہا ٹھنڈا ہو چکا ہے، حکمران، بیوروکریٹس اور ارکانِ اسمبلی اپنی مراعات اور تنخواہوں میں 400 فیصد تک اضافہ کر رہے ہیں۔مریم نواز کیلئے عوام کے پیسوں سے 11 ارب کا جہاز خریدا گیا جبکہ پنجاب میں غربت 41 فیصد تک بڑھ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں 49 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے باوجود عوام کو بدترین لوڈشیڈنگ اور مہنگے بلوں کا سامنا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم لیوی ختم، پٹرول کی قیمتیں 28 فروری کی سطح پر لائی جائیں اور آئی پی پیز سے معاہدے فوری منسوخ کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ کی اے پلس ٹیم پیپلز پارٹی ہے، (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی سب مل کر عوام پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے آزاد کشمیر میں مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی پر تشویش ہے،ریاست گریٹر جرگہبلائے ،حکومت بیرونی ہاتھ کا بہانہ بنا کر اپنی ذمہ داری سے بھاگ نہیں سکتی۔انہوں نے کہا کہ ہم پرامن سیاسی مزاحمت پر یقین رکھتے ہیں، عوام کی طاقت سے اپنے حقوق چھینیں گے اور حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔
جماعت اسلامی کامہنگائی ، پٹرولیم لیوی ،ٹیکسوں کےخلاف 7 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان



















