لاہور (نعیم جاوید سے) شالیمار لنک روڈ لاہور کی اہم تجارتی شاہراہ ہونے کے باوجود بنیادی شہری سہولیات کی کمی، بڑھتے کاروباری اخراجات، ٹریفک کے مسائل اور مہنگائی کے باعث تاجروں اور خریداروں دونوں کیلئے مشکلات کا مرکز بن چکی ہے۔ روزنامہ مشرق کی جانب سے کیے گئے سروے میں تاجروں نے حکومت سے فوری عملی اقدامات کا مطالبہ کیاسروے کے دوران مختلف دکانداروں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران کاروبار میں 30 سے 40 فیصد تک کمی آئی ہے۔ ان کے مطابق مہنگائی اور عوام کی قوتِ خرید میں کمی کے باعث خریداری کا رجحان کم ہوا ہے، جبکہ بجلی، گیس، دکانوں کے کرائے اور ملازمین کی تنخواہوں سمیت تمام اخراجات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے شالیمار لنک روڈ تاجر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی اکرم نے کہا کہ شالیمار لنک روڈ لاہور کا ایک بڑا تجارتی مرکز ہے، لیکن یہاں پارکنگ کی شدید کمی، ٹریفک جام، تجاوزات، ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں، ناقص سیوریج اور صفائی کی خراب صورتحال تاجروں کے لیے مستقل مسائل بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خریدار پارکنگ نہ ملنے کی وجہ سے مارکیٹ کا رخ کرنے سے گریز کرتے ہیں، جس سے کاروبار براہِ راست متاثر ہوتا ہے بجلی اور گیس کے بھاری بل، مختلف ٹیکسوں اور کاروباری لاگت میں اضافے نے چھوٹے تاجروں کو شدید دباو¿ میں مبتلا کر دیا ہے۔ حکومت اگر واقعی معیشت کو مستحکم کرنا چاہتی ہے تو اسے تاجروں کو سہولتیں دینا ہوں گی، نہ کہ صرف ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانا ہوگاانہوں نے مطالبہ کیا کہ شالیمار لنک روڈ پر مستقل پارکنگ کا انتظام کیا جائے، تجاوزات کا بلاامتیاز خاتمہ کیا جائے، سڑکوں کی مرمت، نکاسی آب اور اسٹریٹ لائٹس کو بہتر بنایا جائے، جبکہ صفائی اور سکیورٹی کے انتظامات بھی جدید تقاضوں کے مطابق کئے جائیں، مارکیٹ کے متعدد تاجروں نے بتایا کہ بارش کے دوران پانی دکانوں کے سامنے کھڑا ہو جاتا ہے، جس سے نہ صرف کاروبار متاثر ہوتا ہے بلکہ سامان کو بھی نقصان پہنچنے کا خدشہ رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیوریج کا نظام بہتر بنانا ناگزیر ہے الیکٹرانکس، موبائل، گارمنٹس، جوتوں اور جنرل اسٹورز سے وابستہ تاجروں نے کہا کہ آن لائن تجارت کے بڑھتے رجحان کے ساتھ روایتی بازاروں کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، ورنہ چھوٹے کاروبار مزید مشکلات کا شکار ہو جائیں گے شالیمار لنک روڈ پر پارکنگ کی کمی، ٹریفک کا بے ہنگم نظام، تجاوزات اور مہنگائی ان کی بڑی شکایات ہیں۔ ان کے مطابق اگر مارکیٹ میں بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں تو خریداری کا ماحول مزید بہتر ہو سکتا۔ تاجر برادری نے حکومت پنجاب، ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس، واسا اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ شالیمار لنک روڈ کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے فوری اور مو¿ثر اقدامات کیے جائیں تاکہ کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں، سرمایہ کاری میں اضافہ ہو اور شہریوں کو بہتر تجارتی ماحول میسر آ سکے۔
بنیادی سہولیات کی کمی، بڑھتے اخراجات کے باعث شالیمار لنک روڈ کے تاجر پریشان


















